چار سال کے عرصے میں استنبول میں پہلے کروز شپ کی آمد

0 154

استنبول نے چار سال کے عرصے میں پہلے کروزشپ کی آمد کا خیرمقدم کیا۔ 10 منزلہ ریجنٹ سیون سِیز وویجر 750 مسافروں کو لے کر شہر کی سرائے برنو بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا۔ عثمانی ینی چری (مہتر) بینڈ نے کروز شپ کا خیرمقدم کیا۔ "استنبول جیسے معروف عالمی شہر میں چار سال بعد ایک کروزشپ کی آمد ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے،” قاراکوئے پورٹ لوکل اتھارٹی اور ڈپٹی گورنر محمد کلیونجو نے کہا۔ ریجنٹ سیون سِیز وویجر زیادہ تر اٹلی اور یونان سے آنے والے سیاحوں کے ساتھ صبح ساڑھے 8 بجے سرائے برنو پہنچا۔

اس لگژری بحری جہاز کے لیے ایک خیرمقدمی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ قاراکوئے پورٹ لوکل اتھارٹی اور ڈپٹی گورنر کلیونجو نے کروزشپ کا خیرمقدم کرنے والے وفد کی قیادت کی۔ "ہم نے کپتان سے ملاقات کی جو یہاں آمد پر خوش ہیں۔ جہاز کے مسافر استنبول کے تاریخی مقامات کے دورے کریں گے۔ ہم نے اپنے گورنر کی ہدایات کے مطابق تمام حفاظتی اقدامات اٹھائے۔ ہمارے لیے یہ باعثِ مسرت ہوگا کہ دو روز تک یہاں قیام کرنے والے مسافر خوشی خوشی گھروں کو واپس لوٹیں اور استنبول میں مزید کروزشپس آئیں۔”

استنبول میں گائیڈز کی سپورٹ کے لیے ازمیر سے آنے والی ٹؤر گائیڈ نے آئیچا کیسیجی نے کہا کہ "ہم نے اس دن کے لیے بہت طویل انتظار کیا۔ ٹورازم آپریٹرز اسے ایک آغاز سمجھتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔”

"لوگ ایسے ملکوں میں جانا پسند کرتے ہیں کہ جہاں وہ محفوظ، پرامن اور خوش تصور کریں،” کیسیجی نے کہا، اور اضافہ کیا کہ استنبول میں اس جہاز کی آمد شہر، اس کے استحکام اور بھروسے کے حوالے سے تصورات کو بہتر بنائے گی۔

کیسیجی، جو بحری جہازوں کے ذریعے سیاحت پر گہری نظر رکھتی ہیں، کہا کہ کم از کم 3 سے 4 ہزار مسافروں کے ساتھ یہ جہاز استنبول کے لیے بہت اہم ہیں۔ "یہ استنبول کی تاریخ اور سیاحت میں حصہ ڈالیں گے۔ کئی سالوں میں پہلی بار ایک بحری جہاز نے لنگر پھینکا اور اس کا استقبال تقریب کے ساتھ کیا گیا۔ امید ہے کہ غلطہ بندرگاہ کی تکمیل کے ساتھ زیادہ بڑے جہاز آئیں گے۔”

کروز کے ذریعے استنبول کی سیاحت جو گزشتہ چار سالوں سے جمود کا شکار تھی اس سال واپس آئی ہے۔ اکتوبر تک شہر میں 24 کروز شپس کی آمد متوقع ہے اور 2020ء تک یہ تعداد 80 تک پہنچ سکتی ہے۔

استنبول کے ینی قاپی ضلع میں ایک نئے کروز پورٹ کا منصوبہ ہے اور ٹینڈر نیلامی رواں سال کے اختتام پر ہونا متوقع ہے۔

مزید برآں استنبول کے میگاپورٹ پروجیکٹ غلطہ پورٹ، جو اس وقت زیر تعمیر ہے، کی وجہ سے شہر میں کروز کے ذریعے سیاحت کے شعبے کی بحالی کی امیدیں ہیں۔

وزارت ثقافت و سیاحت کی پیش بینی ہے کہ بندرگاہ اوسطاً 4 ہزار مسافر رکھنے والے تقریباً 500 کروز شپس کی میزبانی کرے گی۔ ایسے ہی جاری اور مستقبل کے منصوبوں کے ساتھ استنبول کا بحیرۂ روم کے علاقے میں بڑے کروز مراکز میں سے ایک بننا متوقع ہے۔

تبصرے
Loading...