استانبول شہریوں کے روزانہ 70 منٹ ٹریفک جام میں ضائع ہوتے ہیں
ترکی کے سب سے بڑے شہر استانبول کے رہنے والوں کے روزانہ 70 منٹ ٹریفک جام میں ضائع ہوتے ہیں۔
استانبول کے بدترین ٹریفک کے حوالے سے یدی تپہ یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک رپورٹ تیار کی ہے، جس نے ایک سال تک شہر کی 5,000 کلومیٹرز سڑکوں پر ٹریفک کا ڈیٹا اکٹھا کیا۔
یہ تحقیق بتاتی ہے کہ روزانہ سفر کے لیے پرائیوٹ گاڑیاں چلانے والے افراد کے ٹریفک جام کے اوقات میں روزانہ 70 منٹ ضائع ہوتے ہیں۔ عموماً جو فاصلہ 15 منٹ میں طے ہو سکتا ہے، ان اوقات میں 50 منٹ لگ جاتے ہیں۔
ڈیٹا نے یہ بھی ظاہر کیا کہ 2019ء میں دن کے اوقات میں استانبول کی مرکزی شاہراہ استعمال کرنے والوں کی اوسط رفتار 29.3 کلومیٹرز فی گھنٹہ رہی۔ ہفتہ وار تعطیلات سے ہٹ کر عام دنوں میں صبح کے اوقات میں مرکزی شاہراہوں پر اوسط رفتار 24.2 کلومیٹرز فی گھنٹہ دیکھی گئی جبکہ شام کے اوقات میں یہ مزید سست پڑ جاتی ہے اور 18.8 کلومیٹرز فی گھنٹہ رہ جاتی ہے۔
محققین میں سے ایک سرکان گورسوئے کے مطابق ٹریفک جام میں ضائع ہونے والا اب خطرناک سطح پر پہنچ چکا ہے۔ ذاتی گاڑیاں استعمال کرنے والے شہریوں کے ماہانہ تقریباً 6 دن تو ٹریفک میں قربان ہو جاتے ہیں۔
ٹریفک کے مسائل کے باوجود حالیہ چند سالوں میں کچھ مثبت پیشرفت بھی ہوئی ہے۔ استانبول بلدیہ کی ٹرانسپورٹیشن میں سرمایہ کاری اور اسمارٹ حل متعارف کروانے سے ٹریفک جام میں 6 فیصد کمی آئی ہے حالانکہ سال میں آبادی میں اور گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
استانبول بلدیہ کے جاری ریل سسٹم پروجیکٹ کی وجہ سے ٹریفک کے دباؤ میں آئندہ سالوں میں کمی آئے گی۔