استنبول کا تاریخی گرینڈ بازار یکم جون سے کھل جائے گا

0 459

کروناوائرس کی وجہ سے دو مہینے تک بند رہنے کے بعد استنبول کا 559 سال پرانا مشہور گرینڈ بازار یکم جون سے کھل جائے گا۔

خبروں کے مطابق دکانوں کے مالکان اور بازار میں آنے والے افراد کے داخلے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ بازار جو عموماً صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک کھلا رہتا ہے، اب 10 بجے صبح سے شام 4 بجے تک کھلے گا۔ کام کرنے والے افراد اور خریدار سب کے لیے ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ اختیار کرنا ضروری ہے اور داخلے کے وقت ان کا بخار بھی چیک کیا جائے گا۔

بازار کی 4 ہزار دکانوں پر تقریباً 25 ہزار افراد کام کرتے ہیں۔ یہ بازار COVID-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 24 مارچ کو بند کیا گیا تھا۔

گرینڈ بازار کی تعمیر 1455ء میں شروع ہوئی، یعنی سلطان محمد فاتح کے ہاتھوں فتحِ قسطنطنیہ کے دو سال بعد، تاکہ اس ساحلی شہر کی بڑھتی ہوئی تجارت میں سہولت ملے۔

بازار میں 60 گلیاں ہیں جو اوپر سے ڈھکی ہوئی ہیں اور ہر گلی کسی مخصوص چیز کو فروخت کرنے والوں سے موسوم ہے، جیسا کہ آلتن جولر یعنی سونے کے تاجر، باسماجیلر یعنی کپڑے فروخت کرنے والے وغیرہ۔ گرینڈ بازار اینٹوں کی چھتوں اور گنبدوں سے بنا ہوا ہے اور اس کے 22 دروازے اور 29 سرائے ہیں۔ اس نے 20 مرتبہ آتش زدگی کا سامنا کیا ہے اور 20 نومبر 1651ء سے 26 نومبر 1954ء کے دوران متعدد زلزلے بھی آئے اور موجودہ شکل و صورت 1894ء کے زلزلے کے بعد بحالی کے عمل کے نتیجے میں سامنے آئی۔

تبصرے
Loading...