استنبول میں گاڑیوں میں اضافے کے باوجود ٹریفک کی رکاوٹ میں 6 فیصد کمی

0 505

استنبول میں ہر سال آبادی اور گاڑیوں کی تعداد میں اضافے کے باوجود استنبول شہری بلدیہ (IBB) کی ٹرانسپورٹیشن میں سرمایہ کاری اور اسمارٹ حل متعارف کروانے کے نتیجے میں ٹریفک کے بہاؤ میں حائل رکاوٹوں میں 6 فیصد کمی آئی ہے۔

دنیا کے معروف ٹریفک ڈیٹا فراہم کنندگان میں سے ایک ٹام ٹام چھ براعظموں کے 56 ممالک کے 403 شہروں میں اِن کار نیوی گیشن ڈیوائسز کے ذریعے GPS ڈیٹا جمع کرکے اپنی سالانہ رپورٹ تیار کرتا ہے۔ استنبول کا ٹریفک انڈیکس ظاہر کرنے والی اس کی رپورٹ کے مطابق 2017ء میں ٹریفک میں رکاوٹ 59 فیصد سے کم ہوتی ہوئی 2018ء میں 53 فیصد ہوگئی۔ استنبول شہری بلدیہ کے جاری ریل منصوبوں کی بدولت یہ سمجھا جا رہا ہے کہ ٹریفک کی راہ میں حائل رکاوٹیں آئندہ سالوں میں مزید کم ہوں گی۔

اسمارٹ ٹرانسپورٹیشن نظام، ریل اور باہم کنیکٹ پبلک ٹرانسپورٹ سروسز کے ساتھ بلدیہ کی اسمارٹ شہر کاری کے وژن نے استنبول کے ٹریفک کو بہت رواں کردیا ہے۔ ٹریفک انڈیکس کے مطابق استنبول میں آبادی اور گاڑیوں کی تعداد میں اضافے کے باوجود ٹریفک کی رکاوٹوں میں کمی آئی ہے۔

نیدرلینڈز میں قائم کمپنی کی اعلان کردہ ٹریفک انڈیکس رپورٹ سال بھر میں ڈرائیوروں کا سڑک پر ضائع ہونے والا اضافی وقت بھی بتاتی ہے۔ ٹام ٹام کی تحقیق میں 56 ممالک کے 403شہروں کا جائزہ لیا گیا۔ گزشتہ سال شائع ہونے والے ایک بین الاقوامی سروے نے بھی استنبول میں ٹریفک کی روانی میں 6 فیصد بہتری ظاہر کی۔

استنبول شہری بلدیہ کی جانب سے کئی اقدامات اٹھائے گئے جیسا کہ اسمارٹ ٹرانسپوریشن سسٹم، نئی سڑکوں کی تعمیر، سڑکوں اور چوراہوں پر انتظامات، پبلک ٹرانسپورٹ کی مختلف اقسام اور تعداد متعارف کروانا اور تمام پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو یکجا کرنے سے استنبول کے ٹریفک نظام کو کافی بہتر کردیا ہے۔ یاوُز سلطان سلیم پُل، شمالی مرمرا موٹر وے، یوریشیا سرنگ اور مرمرے جیسی سرمایہ کاریاں، جنہیں مرکزی حکومت نے حقیقت کے روپ میں ڈھالا، استنبول کے ٹریفک کو بہت سکون فراہم کیا۔ مرمرے جو روزانہ اوسطاً ساڑھے 4 لاکھ مسافروں کو خدمات فراہم کرتی ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال میں اضافہ کیا اور گاڑیوں کی تعداد میں کمی لائی۔

دریں اثناء 15 ریل سسٹم لائنیں، جن میں سے 11 بلدیہ اور چار وزارت ٹرانسپورٹ و انفرااسٹرکچر کی ذمہ دار ہیں، اس وقت استنبول میں تعمیر کی جارہی ہیں۔ ریل سسٹم لائنوں کے آغاز کے ساتھ استنبول میں ٹریفک کی راہ میں حائل رکاوٹیوں میں مزید کمی آئے گی۔

تبصرے
Loading...