ترکی میں نئے آئین پر بات کرنے کا وقت آ گیا ہے، صدر ایردوان

0 171

صدارتی کابینہ کے اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ "ترکی کے لیے ایک مرتبہ پھر نئے آئین پر بات کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ اس سلسلے میں کام لوگوں کی نظروں کے سامنے اور شفاف انداز میں قوم کے تمام نمائندوں کی شرکت کے ساتھ ہونا چاہیے اور جو آئین بھی بنایا جائے اسے منظوری کے لیے لازماً عوام کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔”

صدر رجب طیب ایردوان نے ایوانِ صدر میں صدارتی کابینہ کے اجلاس کے بعد عوام سے خطاب کیا۔

"ہم نے مائیکروسیٹیلائٹ لانچنگ تنصیب بنانے کے لیے کام شروع کر دیا ہے”

"ہم نے 8 جنوری کو امریکا سے ترک سیٹ 5A سیٹیلائٹ بھیجا ہے، جو خلائی تحقیق میں ترکی کی کوششوں اور طاقت کا نیا مظہر ہے۔ ہمیں امید ہے کہ اگلے موسم گرما کے آغاز سے پہلے 5B سیٹیلائٹ خلا میں بھیجا جائے گا۔ مائیکروسیٹیلائٹس خلائی تحقیق میں اہمیت حاصل کر رہے ہیں کیونکہ طویل فاصلے کے لیے استعمال ہونے والے بڑے سیٹیلائٹس کے مقابلے میں ان پر آنے والی لاگت کم ہے اور یہ تکنیکی طور پر سادہ ہیں۔ اس لیے ہم نے اپنے ملک میں ایک مائیکروسیٹیلائٹ لانچنگ تنصیب بنانے کا کام شروع کیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہم مستقبلِ قریب میں اپنی تنصیب سے خود اپنے اور اپنے دوستوں کے سیٹیلائٹس لانچ کریں گے۔”

"ہم ترکی کے علاقائی و عالمی مفادات کے تحفظ کے لیے شبانہ روز محنت کر رہے ہیں”

صدر ایردوان نے کہا کہ "ہم نئی خدمات کے نفاذ، اپنی قوم کی ترقی، امن و سلامتی کو تحریک دینے اور ملک کے علاقائی و عالمی مفادات کے دفاع کے لیے شبانہ روز محنت کر رہے ہیں۔ ہم اب تک جو کچھ کر چکے ہیں، اس کے علاوہ ہم ترکی کے مستقبل کی تعمیر کے لیے بھی زبردست تیاریاں کر رہے ہیں۔ گزشتہ 18 سال میں ہمارے ملک کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس نے جمہوریت اور معیشت میں اصلاحات کے ایجنڈے پر مسلسل کام کیا ہے۔”

"ہم مستقبل میں نئے آئین کے لیے قدم اٹھا سکتے ہیں”

ترکی کے لیے وقت آ چکا ہے کہ وہ نئے آئین پر بات چیت کا آغاز کرے، یہ کہتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ "ہو سکتا ہے کہ یہ ترکی کے لیے ایک مرتبہ پھر نئے آئین پر بات کرنے کا وقت ہو۔ ایک آئین کے مسودے پر کام دہشت گردوں سے منسلک گروہوں اور ملک سے ذہنی و روحانی طور پر کٹے ہوئے لوگوں کے سائے تلے خفیہ ایوانوں میں نہیں ہو سکتا۔ اس سلسلے میں کام لوگوں کی نظروں کے سامنے اور شفاف انداز میں قوم کے تمام نمائندوں کی شرکت کے ساتھ ہونا چاہیے اور جو آئین بھی بنایا جائے اسے منظوری کے لیے لازماً عوام کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔ اگر ہم اس معاملے پر پیپلز الائنس میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ اتفاق رائے تک پہنچ گئے تو ہم مستقبل میں نئے آئین کے لیے قدم اٹھا سکتے ہیں۔”

"وبا کے دوران ترکی کے لیے نئے مواقع ابھرے ہیں”

صدر ایردوان نے کہا کہ "کرونا وائرس کی وبا نے ایسے مسائل جنم دیے جنہوں نے گزشتہ سال میں دنیا بھر میں پیداوار، کھپت، تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور سماجی زندگیوں کو نمایاں طور پر متاثر کیا۔ دنیا کی بڑی بڑی معیشتیں بھی سکڑنا شروع ہو گئیں۔ ہم ایسا ملک ہے جس نے 18 سال صحت عامہ، سماجی تحفظ، صنعت و ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کی ہے، یعنی ہر شعبے میں کہ جو ہمارے عوام کی ترقی کو آگے بڑھائے کا۔ اور اس مشکل وقت میں ہم ان سرمایہ کاریوں کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ترکی کا حوصلہ وبا کے دوران بھی نہیں ٹوٹا، بلکہ اس کے برعکس ہمارے لیے اس سے نئے مواقع ابھرے ہیں۔”

"تجزیہ ظاہر کرتا ہے کہ جی20 میں ترکی اور چین ہی دو ایسے ممالک ہیں جنہوں نے 2020ء کا اختتام نمو کے ساتھ کیا ہے”

صدر ایردوان نے مزید کہا کہ "ہماری معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات تیسری سہ ماہی کے لیے ہمارے میکرو اکنامک ڈیٹا میں ابھرنا شروع ہو گئے ہیں۔ اہم اشاریے بتاتے ہیں کہ ہم ایک فیصد سے زیادہ کی نمو کے ساتھ 2020ء کا اختتام کر سکتے ہیں۔ حال ہی میں عالمی تجزیہ ظاہر کرتا ہے کہ جی20 میں ترکی اور چین ہی دو ایسے ممالک ہیں جو 2020ء کا اختتام مثبت نمو کے ساتھ کرنے کے قابل ہوں گے۔ معیشت مینوفیکچرنگ، کھپت، سرمایہ کاری اخراجات اور برآمدات کے لحاظ سے کافی اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔”

تبصرے
Loading...