بیرونِ ملک قائم ‏FETO اسکولوں کے خلاف معارف کی قانونی جنگ جاری

0 439

ترکی کی سرکاری معارف فاؤنڈیشن گولن دہشت گرد گروپ (FETO) سے منسلک اسکولوں کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے بیرونِ ملک قانونی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ترک حکومت نے 2016ء میں بیرونِ ملک قائم FETO سے منسلک اسکولوں کا کنٹرول حاصل کرنے اور نئے اسکول کھولنے کے لیے یہ فاؤنڈیشن بنائی تھی۔ حال ہی میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے قومی وزیر صحت ضیاء سلجوق نے معارف فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کے حوالے سے سوالوں کے جوابات دیے۔ معارف فاؤنڈیشن کے چیئرمین بیرول آق گون بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آق گون نے کہا کہ FETO سے منسلک اسکول اب بھی 55 ممالک میں کام کر رہے ہیں۔ "فاؤنڈیشن اب تک 18 ملکوں میں 217 اسکولوں کا کنٹرول حاصل کر چکی ہے، جبکہ جولائی 2019ء کے مطابق مزید 291 اسکول معارف کی باڈی کے تحت کام کر رہے ہیں،” آق گون نے صحافیوں کو بتایا۔ فاؤنڈیشن 5,000 ملازمین رکھتی ہیں جن میں بیرون ملک 3,128 اساتذہ بھی شامل ہیں۔

ترک حکومت فاؤنڈیشن کو قیام کے بعد سے 723 ملین ترک لیرا فراہم کر چکی ہے، جبکہ اسے عطیات کی صورت میں 18.5 ملین ترک لیرا مل چکے ہیں۔

FETO بیرونِ ملک کافی وجود رکھتی ہے، خاص طور پر امریکا میں کہ جہاں یہ چارٹر اسکولوں کی ایک چین چلاتی ہے جو دہشت گرد گروپ کے لیے آمدنی کا ذریعہ ہے۔

امریکا گولن حامیوں کی سب سے بڑی کمیونٹی رکھتا ہے، جس میں گروپ کے سربراہ فتح اللہ گولن بھی شامل ہیں، جو 1999ء سے خود ساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئے ہیں اور امریکی ریاست پنسلوینیا کے ایک مکان میں گوشہ نشین ہیں۔

معارف فاؤنڈیشن 55 ممالک میں نمائندے رکھنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی سرگرمیوں کے لیے 99 ممالک کے ساتھ باضابطہ رابطے بھی رکھتی ہے۔ یہ 33 ممالک کے 272 اسکولوں میں 30,000 سے زیادہ طلبہ کو تعلیم دیتی ہے۔ فاؤنڈیشن نے 43 ممالک کے ساتھ معاہدوں پر دستخط بھی کر رکھے ہیں اور جلد ہی تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کے منصوبے بنا رہی ہے۔ یہ مختلف ممالک میں 36 بورڈنگ ہاؤسز بھی چلاتی ہے۔ دنیا بھر میں نئے اسکول کھولنے کے علاوہ معارف فاؤنڈیشن 15 جولائی 2016ء کو بغاوت کی ناکام کوشش کرنے والے FETO سے منسلک تعلیمی اداروں کا کنٹرول بھی حاصل کر رہی ہے۔ اس ناکام بغاوت میں 251 افراد جان سے گئے تھے اور تقریباً 2,200 زخمی ہوئے۔

FBI دہشت گرد گروپ سے منسلک چارٹر اسکولوں کی تحقیقات پہلے ہی کر چکا ہے؛ گو کہ وہ ان تحقیقات پر ہونے والی پیشرفت پر خاموش ہے؛ لیکن وہ اس کے اسکولوں کی مشکوک سرگرمیوں پر توجہ رکھے ہوئے تھی۔ دہشت گرد گروپ کی مبینہ منی لانڈرنگ اسکیموں پر تحقیقات میں بھی اس نے ترک حکام کے ساتھ تعاون کیا۔

ان FETO اسکولوں کو عموماً امبریلا آرگنائزیشنز کے تحت جمع کیا جاتا ہے اور انہیں فاؤنڈیشنز کے ذریعے چلایا جاتا ہے۔ جیسا کہ ٹیکساس میں 46 اسکولوں کے نام "ہارمنی” ہیں، اوہائیو اور اس کے اردگرد 30 اسکولوں کے نام "کانسپٹ” ہیں اور کچھ کو "میگنولیا” کہا جاتا ہے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ معارف فاؤنڈیشن کئی ہائی اسکول طالب علموں کو مدد بھی فراہم کرتی ہے، جو ترکی میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں فاؤنڈیشن پہلے ہی 42 ترک جامعات کے ساتھ مسودوں پر دستخط کر چکی ہے۔ یہ مسودے اساتذہ کی تربیت اور غیر ملکی طلبہ کے لیے ترک زبان کے کورسز سمیت کئی شعبوں پر توجہ کرتے ہیں۔

فاؤنڈیشن اپنے بیرون ملک اسکولوں میں غیر ملکی طلبہ کے لیے میٹرکولیشن امتحانات یا ایگزامنیشن فار انٹرنیشنل اسٹوڈٹس (YOS) بھی کرواتی ہے۔

تبصرے
Loading...