ترکی کے مغرب ساحلی علاقے زلزلے سے لرز اٹھے

0 436

ترکی کے مغربی صوبہ ازمیر کے ساحل پر 6.6 کی شدت کا زلزلہ آیا ہے، جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔

ترکی کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (AFAD) کے مطابق یہ زلزلہ بحیرۂ ایجیئن میں 16.5 کلومیٹرز کی گہرائی میں آیا لیکن اس کے جھٹکے ترکی کے تیسرے بڑے شہر ازمیر سے لے کر شمال میں استانبول تک محسوس کیے گئے ہیں۔

یہ زلزلہ اتنا شدید تھا کہ ازمیر اور ملحقہ شہروں میں افراتفری پھیل گئی۔ اس کی وجہ ماضی میں یہاں آنے والے زلزلے بھی ہیں کہ جن میں ہزاروں افراد کی جانیں چلی گئی تھیں۔

ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو نے کہا ہے کہ اب تک ازمیر کے بیراکلی اور بورنووا اضلاع میں چھ عمارتیں گرنے کی اطلاع آئی ہے۔ ازمیر سے متصل عشاق، دینزلی، منیسا، بالی کیسر، آئیدین اور مغلا کے صوبوں میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ البتہ ازمیر بلدیہ کے میئر تونچ سوئیر نے تقریباً 20 عمارتوں کے گرنے کی اطلاع دی ہے۔

زلزلے کی اطلاع ملتے ہی صدر رجب طیب ایردوان نے تمام سرکاری اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ امدادی سرگرمیوں کے لیے متحرک ہو جائیں۔ ” ہم اپنے زلزلہ متاثرین شہریوں کے ساتھ ہیں اور تمام متعلقہ ادارے اور وزراء سرگرمِ عمل ہیں۔”

ٹیلی وژن فوٹیج اور سوشل میڈيا پر گردش کرتی وڈیوز میں چند عمارتوں گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کچھ افراد ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں بھی کرتے دیکھے گئے ہیں۔

حکام نے ازمیرا ور ملحقہ صوبوں میں عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ خستہ حال عمارتوں سے دور رہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ 5.8تک کی شدت کا دوسرا زلزلہ بھی آ سکتا ہے جس سے خستہ حال عمارات بھی گر سکتی ہیں۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: