تنقید کی پرواہ نہیں، برطانوی سفیر کیساتھ ملاقات اور کھانا برفباری جتنا اہم تھا، استنبول مئیر

0 1,057

ترکی کی سیکولر جماعت جمہوریت خلق پارٹی سے تعلق رکھنے والے استنبول کے مئیر اکرم امام اولو نے کہا ہے کہ انہیں "تنقید کی پرواہ نہیں، برطانوی سفیر کے ساتھ کھانا کھایا۔ ملاقات برفباری کے مقابل جدوجہد جتنی اہم تھی”۔

استنبول میں آنے والے برفباری کے طوفان کے دوران استنبول کے مئیر برطانوی سفیر کے ساتھ طویل ملاقات اور کھانے میں مشغول رہے جب دوسری طرف استنبول کے شہری طوفان سے پیدا ہونے والے مشکلات میں گھرے رہے۔

اکرم امام اولو کی یہ ملاقات اور اس کی تفصیل صدر ایردوان کی آق پارٹی سے تعلق رکھنے والے استنبول کے رہنماؤں نے آشکار کر دی اور تھوڑی دیر میں سوشل میڈیا پر اکرم امام اولو کے خلاف سخت ردعمل آیا اور ٹرینڈ بن گیا۔

ٹویٹر پر برطانوی سفیر کے ساتھ ملاقات اور کھانے کی تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد، استنبول کے شہری اپنی مایوسی کا اظہار کرنے کے لیے ٹویٹر پلیٹ فارم پر گئےاور تھوڑی دیر بعد "#imamoğluistifa” (ترکی میں "امام اولو استعفیٰ دو”) ٹرینڈ ہونے لگا۔

استنبول کے مئیر نے یہ ملاقات سرییر کے قریب ایک بحری بیڑے پر موجود فش شاپ پر کی اور وہیں کھانا بھی کھایا۔

جب اکرم امام اولو کو شہر کی صورتحال کی خبر پہنچی تو انہوں نے فوری طور پر سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ "وہ اپنی چھٹی پر تھے” اور صرف ایک گھنٹے کیلئے ریستوران میں موجود رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "برفباری نے پورے ملک کو منفی انداز میں متاثر کیا ہے، صرف استنبول کو نہیں۔ انقرہ استنبول ہائی وے کو بند کر دیا گیا ہے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ استنبول کے نئے ہوائی اڈے اور رابطہ سڑکوں پر بھی مسائل موجود ہیں لیکن میڈیا صرف استنبول بلدیہ کے بارے ہی کیوں بات کر رہا ہے۔

ایک نیوز ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے، ریستوراں کے مالک نے کہا کہ رات کے کھانے کے لیے ریزرویشن 25 دن پہلے کی گئی تھی اور اس نے یہ تصدیق کی کہ میئر ایک گھنٹے تک اس جگہ پر رہے۔ تاہم دیگر ذرائع ذرائع متضاد اطلاعات دے رہے تھے اور طویل ملاقات کا ذکر کیا گیا تھا۔

ینی شفق اخبار کے نمائندے براک دوآن نے ایک سیکیورٹی کیمرہ کی فوٹیج سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ امام اولو تین گھنٹے تک اس جگہ پر موجود رہے۔

اس خبر کے دوران مزید انکشاف ہوا کہ استنبول بلدیہ کے کئی ذمہ دار چھٹیاں منانے بیرون ملک گئے ہوئے ہیں۔ بلدیہ کے ترجمان مراد اونگن جینوا میں چھٹیاں منا رہے ہیں۔ ایک صحافی جنید اوزدمیر کے رابطہ کرنے پر انہوں نے تصدیق کی کہ وہ اس وقت بیرون ملک ہیں۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: