ترکی میں باضابطہ تعلیم کا آغاز، لاکھوں بچوں کی اسکول واپسی

0 415

ترکی میں پانچ مزید کلاسز کے بچوں کے لیے باضابطہ طور پر کلاسز کا آغاز کر دیا گیا ہے اور سخت اقدامات کے ساتھ لاکھوں بچے اسکولوں کو واپس آ گئے ہیں۔

کرونا وائرس کی وجہ سے ترکی میں تعلیمی ادارے کئی ماہ بند رہے، اور چند ہفتے پہلے کنڈرگارٹنز اور ابتدائی جماعتوں کی باقاعدہ کلاسز شروع کی گئی۔ اب پیر سے دوسری، تیسری، چوتھی، آٹھویں اور بارہویں جماعت کے بچے بھی اسکولوں میں واپس آ گئے ہیں۔

حکومت کرونا وائرس کی صورت حال کے پیشِ نظر فیصلے کر رہی ہے اور بہتر ہوتے ہی مرحلہ وار تعلیمی پروگرامز کا آغاز کیا ہے۔

نئی کلاسز کے طلبہ بھی ہفتے میں صرف دو دن اسکول آئیں گے اور باقی دنوں میں وہ براہِ راست آن لائن کلاسز لیں گے۔ ہفتے میں دو دن کلاسز کا مقصد ایک کمرۂ جماعت میں طلبہ کی تعداد کو محدود رکھنا ہے۔ ہر کمرہ اپنی گنجائش کا نصف استعمال ہوگااور ہر طالب علم اپنی ڈیسک پر اکیلا بیٹھے گا۔ آدھے طلبہ پیر اور منگل اور باقی جمعرات اور جمعے کو اسکول آئیں گے

اسکول آنے والے ہر طالب علم کے لیے اسکول میں داخلے کے لیے اور کلاس کے دوران بھی ماسک پہننا لازمی ہے۔ پیر کو پہلے دن کئی اسکولوں نے طلبہ میں مفت ماسکس تقسیم کیے گئے۔ طلبہ اور اساتذہ اسکول میں داخل ہونے سے پہلے ہینڈی سینی ٹائزرز استعمال کر رہے ہیں۔ ہر کلاس 30 منٹ کی ہوگی اور ان کے درمیان 10 منٹ کا وقفہ ہوگا۔

اس کے علاوہ کنڈرگارٹن کے طلبہ کے لیے پیر سے اسکول دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ اب وہ ہفتے میں پانچ دن اسکول آئیں گے، بالکل اسی طرح جیسے وباء سے پہلے آتے تھے۔ ویسے تمام کلاسز میں حاضری اب بھی ضروری نہیں ہے، اگر طالب علم اسکول نہیں آتا تو اس کے لیے آن لائن کلاس لینا ضروری ہوگا۔

وزیر قومی تعلیم ضیاء سلجوق نے دارالحکومت انقرہ کے شمال میں واقع صوبہ چانکیری میں کلاسز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا وباء کے دوران محفوظ و معیاری تعلیم کے لیے تمام اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور فاصلاتی تعلیم اب بھی تعلیم کا اہم عنصر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مستحق طلبہ میں رواں ہفتے سے 5 لاکھ ٹیبلٹ کمپیوٹرز بھی تقسیم کیے جائیں گے تاکہ وہ آن لائن کلاسز تک بہتر رسائی حاصل کر سکیں۔ مختلف خیراتی ادارے بھی لائیو کلاسز میں طلبہ کو مدد دینے کے لیے ٹیبلٹ کمپیوٹر اور دیگر ساز و سامان کا عطیہ دے رہے ہیں۔

وزیر تعلیم نے یہ بھی بتایا کہ آن لائن رسائی نہ رکھنے والے طلبہ کے لیے تقریباً 13 ہزار ایسے مقامات بنائے گئے ہیں، جہاں وہ کمپیوٹرز کا استعمال کرکے آن لائن کلاسز لے سکتے ہیں۔ یہ مقامات صرف طلبہ کے لیے مخصوص ہیں۔

ترکی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں Covid-19 کے 1,502 نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ 1,212 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق ملک میں اب تک کرونا وائرس سے 3,35,533 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 2,94,357 صحت یاب ہوئے ہیں۔ وائرس اب تک ترکی میں 8,837 افراد کی جانیں لے چکا ہے۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: