سیاحوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ، مزید روسی سیاح ترکی آئیں گے
کرونا وائرس کو محدود کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر نے بھی روسی سیاحوں کی تعطیلات منانے کے لیے ترکی آنے کی شرح میں کمی نہیں آنے دی۔
روس میں ٹور آپریٹرز کی ایسوسی ایشن (ATOR) نے پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ ترکی روسی سیاحوں کے لیے ملک سے باہر نمایاں ترین مقام بنے گا۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ "ٹور آپریٹرز سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ستمبر میں ترکی جانے والے روسی سیاحوں کی تعداد اگست سے بھی بڑھ جائے گی۔ اس وقت ایک نفسیاتی رکاوٹ وباء کی دوسری لہر ہے، اس کے ختم ہوتے ہی سیاح ترکی میں پہنچ جائیں گے۔”
ترکی پچھلے سال روس کے سیاحوں میں سب سے زیادہ مقبول ملک رہا ہے اور تقریباً 70 لاکھ روسی سیاحت کے لیے ترکی آئے۔
ترکی کا سیاحتی مرکز جنوبی صوبہ انطالیہ جاری وباء کے باوجود سیاحوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ شہر اپنے ساحلوں، دلکش موسم، تاریخی مقامات اور قدرتی حسن کی وجہ سے سیاحوں میں مقبول ہوتا جا رہا ہے۔
خبروں کے مطابق جولائی سے انطالیہ میں سیاحوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ وزارت ثقافت و سیاحت کے مطابق "سیف ٹورازم سرٹیفکیشن پروگرام” نے سیاحوں کے خدشات گھٹانے میں مدد دی اور سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ مہمانوں کو محفوظ تعطیلات فراہم کرنے کو یقینی بنایا۔
انطالیہ نے یکم جنوری سے 10 ستمبر کے دوران 18,83,900 غیر ملکی سیاحوں کی میزبانی کی ہے۔
روس ان میں سب سے آگے ہے جس کے بعد یوکرین اور جرمنی کا نمبر آتا ہے۔