افریقہ کے امن، استحکام اور معاشی ترقی کے لیے نائیجیریا کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں، صدر ایردوان
نائیجیریا کے صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں صدر ایردوان نے کہا کہ "نائیجیریا ڈی-8، او آئی سی، ECOWAS اور افریقن یونین کے اہم رکن کی حیثیت سے خطے اور دنیا کے نمایاں ملکوں میں شمار ہوتا ہے۔ افریقہ میں امن، استحکام اور معاشی ترقی کے لیے نائیجیریا کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔”
صدر رجب طیب ایردوان نے نائیجیریا کے صدر محمدو بوہاری کے ساتھ ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
صدر ایردوان نے 2 روز قبل صوبہ سوکوٹو میں ایک بازار پر دہشت گردوں کے حملے میں مارے جانے والے افراد کے لیے دعا کی، ان کے اعزا و اقربا اور نائیجیریا کے عوام سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
اس امر پر یقین رکھتے ہوئے کہ پانچ سال بعد اپنے دورۂ نائیجیریا سے ترکی-نائیجیریا تعلقات مزید بہتر ہوں گے، صدر ایردوان نے کہا کہ "جن معاہدوں پر ہم نے ابھی دستخط کیے ہیں وہ اس دورے میں سب سے نمایاں چیز ہیں۔ صدر بوہاری کے ساتھ مذاکرات کے دوران ہم نے ترکی-نائیجیریا تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات کی۔ ہم نے تبادلہ خیال کیا کہ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو کس طرح بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ہم باہمی تعاون کو بہتر بنانے کے لیے یکساں عزم رکھتے ہیں۔ اگلے سال ہم اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کے 60 سال مکمل ہونے کا جشن منائیں گے۔”
"نائیجیریا کے ساتھ ہماری باہمی تجارت 2020ء میں 2 ارب ڈالرز تک پہنچی”
اس جانب توجہ دلاتے ہوئے کہ افریقہ میں ترکی کے قدیم ترین سفارت خانوں میں سے ایک نائیجیریا میں تھا، صدر ایردوان نے کہا کہ "نائیجیریا ڈی-8، او آئی سی، ECOWAS اور افریقن یونین کے اہم رکن کی حیثیت سے خطے اور دنیا کے نمایاں ملکوں میں شمار ہوتا ہے۔ افریقہ میں امن، استحکام اور معاشی ترقی کے لیے نائیجیریا کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔”
صدر ایردوان نے کہا کہ ترکی کی نائیجیریا کے ساتھ دو طرفہ تجارت کا حجم 2020ء میں 2 ارب ڈالرز تک پہنچا۔
صدر ایردوان نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ "اس دورے سے ہم نے افریقہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو ایک نئی تحریک دی ہے، جو ایک تزویراتی شراکت داری پر مبنی ہیں۔ ہم نے افریقہ میں اپنے سفارت خانوں کی تعداد 43 تک پہنچا دی ہے۔ ہم 21 سے 22 اکتوبر 2021ء کو استنبول میں تیسرا ترکی-افریقہ بزنس فورم منعقد کریں گے۔ اس کے بعد ہم 17 سے 18 دسمبر 2021ء کو استنبول میں ہی تیسری ترکی-افریقہ پارٹنرشپ سمٹ کی میزبانی کریں گے۔ ہم نائیجیریا کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کے لیے پُر عزم ہیں۔ خاص طور پر ہم اس لیے خوش ہیں کہ کئی نوجوان نائیجیرین ترکیہ اسکالرشپس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور ترکی اور ترک جمہوریہ شمالی قبرص کی جامعات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔”
"ہم عسکری، دفاعی اور حفاظتی معاملات پر نائیجیریا کے ساتھ تعاون بڑھا رہے ہیں”
اس امر پر زور دیتے ہوئے کہ ترکی دوست اور برادر ملک نائیجیریا میں ہونے والی پیشرفت پر قریبی نگاہ رکھتا ہے، صدر ایردوان نے کہا کہ "ہم عسکری، دفاعی اور حفاظتی معاملات پر نائیجیریا کے ساتھ تعاون بڑھا رہے ہیں، جو دہشت گرد تنظیموں، گینگز اور قزاقوں سے بیک وقت لڑ رہا ہے۔ میں اس موقع پر دہشت گرد حملوں میں مرنے والے اپنے نائیجیرین بھائیوں کے لیے دعاگو ہوں اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کرتا ہوں۔”
صدر ایردوان نے کہا کہ ترکی اپنی عالمی طور پر سراہے گئے دفاعی آلات اور صلاحیتوں کو نائیجیریا کے سامنے پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔
صدر ایردوان نے مزید کہا کہ "مجھے یقین ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نائیجیریا کی اتھارٹیز ہمارا ساتھ دیں گے۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ ترکی سالہا سال سے مختلف دہشت گرد تنظیموں سے نبرد آزما ہے جن میں PKK/PYD، FETO اور داعش نمایاں ہیں۔ نائیجیریا میں FETO کی غیر قانونی سرگرمیوں کے حوالے سے ہم نائیجریا کے حکام کو ضروری معلومات دیتے رہیں گے۔”