15 جولائی کو ترک قوم نے مثالی جرات و ہمت کا مظاہرہ کیا، وزیراعظم عمران خان کا پیغام
پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے 2016 کے شہدا کی یاد میں منائے جا رہے ترکی کے قومی اتحاد دن اور یوم جمہوریہ کے موقع پر صدر رجب طیب ایردوان سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ 2016 میں ترک جمہوریت پر شب خون مارنے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا تھا اور اسی دن کی مناسبت سے ترک عوام یوم جمہوریہ اور قومی اتحاد کے طور پر مناتے ہیں جس کے لیے وزیر اعظم پاکستان نے خصوصی پیغام جاری کیا۔
صدر رجب طیب ایردوان کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ترکی کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور وہ فتح اللہ گولن کی دہشت گرد تنظیم سے درپیش خطرے سے نمٹنے کے لیے ترکی کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چار سال پہلے آج کے دن ترکی کی عوام نے مثالی جرأت وہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان مخالف قوتوں کی چال کو ناکام بنادیا تھا جو ترکی کے امن واستحکام اور جمہوری اداروں کو نشانہ بنانا چاہتی تھیں۔
وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ 15 جولائی 2016 کو جس انسانی جرات اور عزم کا مظاہرہ کیا گیا وہ دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کے لیے تحریک اور تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک صدی قبل ہمارے آباؤ اجداد کو اسی جذبے نے متاثر کیا تھا اور انہوں نے اپنے ترک بھائیوں کے لیے قربانی دینے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا اظہار نہیں کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ترکی میں امن اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی اس کوشش کے خلاف آواز بلند کی تھی اور اور ہم شہدا اور ان کے اہلخانہ کو خراج تحسین پیش کرنے میں ترک عوام کے ساتھ ہیں۔
عمران خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترکی کے امن جمہوریت اور خوشحالی کی جانب سفر کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کے خلاف پوری پاکستانی قوم کی آواز یکجا ہے۔