رواں سال ہماری برآمدات 200 ارب ڈالرز سے تجاوز کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کریں گی، صدر ایردوان
سیاحت کا شعبہ ڈھائی کروڑ سیاحوں کی آمد اور 20 ارب ڈالرز کی آمدنی کے ہدف کی جانب بڑھتا ہوا
صدارتی کابینہ کے اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ "سیاحت کا شعبہ ڈھائی کروڑ سیاحوں کی آمد اور 20 ارب ڈالرز کی آمدنی کے ہدف کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ہمیں پیداواری اور برآمدی شعبوں میں کسی مسئلے کا سامنا نہیں کہ جن میں وبا کے بعد حالات معمول پر آنے سے مستقل آگے بڑھنے کا رجحان ہے۔ امید ہے کہ ہماری برآمدات 2021ء میں 200 ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کرتے ہوئے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچیں گی۔”
صدر رجب طیب ایردوان نے ایوانِ صدر میں ہونے والے صدارتی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کیا۔
"ترکی پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ مزید بڑھ رہی ہے”
صدر ایردوان نے کہا کہ "سیاحت کا شعبہ ڈھائی کروڑ سیاحوں کی آمد اور 20 ارب ڈالرز کی آمدنی کے ہدف کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ہمیں پیداواری اور برآمدی شعبوں میں کسی مسئلے کا سامنا نہیں کہ جن میں وبا کے بعد حالات معمول پر آنے سے مستقل آگے بڑھنے کا رجحان ہے۔ امید ہے کہ ہماری برآمدات 2021ء میں 200 ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کرتے ہوئے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچیں گی۔ ترکی میں بین الاقوامی کاروں کی دلچسپی مزید بڑھ رہی ہے اور ہمیں اندازہ ہے کہ ہمارے سرمایہ کار اپنی نئی سرمایہ کاری، مشینری کی خریداری اور خام مال کی رسدی گنجائش بڑھانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔”
"ترکی معاشی لحاظ سے دنیا کے اہم ترین ممالک میں شامل ہونے والا ہے”
"ترکی اب معاشی و سیاسی لحاظ سے دنیا کے سرفہرست ممالک میں شامل ہونے والا ہے،” صدر ایردوان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ "ٹرانسپورٹیشن ان اہم شعبوں میں سے ایک ہے کہ جس میں ہم اپنے ملک کی اہم ترین ترقیاتی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ ہم بہترین ٹرانسپورٹیشن انفرا اسٹرکچر کے ذریعے ترکی کو نقل و حمل کی دنیا میں سپر پاور بنانے کے لیے شبانہ روز محنت کر رہے ہیں۔ الحمد للہ، ہم اب تک اپنے اہداف کو بڑی حد تک حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔”
ترک جمہوریہ شمالی قبرص کا دورہ
اگلے ہفتے ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے دورے پر توجہ دلاتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ "ہم عید الاضحیٰ پر 20 جولائی کو یومِ امن و آزادی منائیں گے۔ ہم عید کا پہلا دن اپنے قبرصی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ گزاریں گے اور 20 جولائی کے لیے طے شدہ تقریبات میں شرکت کریں گے۔ یوں پوری دنیا کو پیغام دیں گے کہ ہم اپنے حقوق اور انصاف کے لیے ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کے ساتھ مل کر ڈٹے رہیں گے۔”
"اپنے تمام شہریوں کے آزادئ مذہب اور عقیدے کا تحفظ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے”
استنبول کے ضلع قاضی کوئے میں ایک گرجے کی بے حرمتی کے واقعے پر صدر ایردوان نے کہا کہ یہ ملک میں امن و یگانگت کے خلاف کی گئی حرکت ہے۔ "یہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ اپنے تمام شہریوں کے آزادئ مذہب اور عقیدے کا تحفظ کریں۔ ہم اس طرح کے واقعات کے خاتمے تک ایسے عناصر کا پیچھا کرتے رہیں گے۔ ایسی کسی بھی گھٹیا حرکت کو برداشت کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ہم کسی بھی عبادت گاہ پر ایسا کوئی حملہ برداشت نہیں کریں گے، چاہے وہ کسی بھی مذہب کی ہو۔”