ہم بحیثیتِ قوم اپنے اتحاد، یگانگت اور بھائی چارے سے اپنا مستقبل خود تشکیل دے رہے ہیں، صدر ایردوان

0 357

صدر رجب طیب ایردوان نے 97 ویں یومِ جمہوریہ پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ "ہماری قوم کا ہر فرد جنگِ آزادی کے دوران متحد اور یک قالب ہوا تو ہماری جمہوریہ کی بنیاد پڑی، بالکل اسی طرح آج بھی قوم اتحاد، یگانگت اور بھائی چارے سے اپنا مستقبل خود تشکیل دے رہی ہے۔”

صدر رجب طیب ایردوان نے جمہوریہ ترکی کے قیام کے 97 سال مکمل ہونے پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

وطنِ عزیز میں اور بیرونِ ملک مقیم ترک شہریوں کو یومِ جمہوریہ پر مبارکباد دیتے ہوئے صدر ایرودان نے کہا کہ "میں اپنے ان تمام دوستوں کو تہہ دل سے مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ جو یومِ جمہوریہ پر ہمارے ساتھ ہیں۔”

"جمہوریہ ترکی کے اعلان کے 97 سال مکمل ہونے پر میں غازی مصطفیٰ کمال اتاترک، بانی جمہوریہ اور جنگِ آزادی کے تمام ہیروز کو یاد کر رہا ہوں۔ اپنے ان تمام ہیروز کو بھی کہ جنہوں نے پچھلے ایک ہزار سال کے دوران مادرِ وطن کی حفاظت میں شہادت کا رتبہ حاصل کیا یا غازی بن کر لوٹے، فتح ملازکرد سے لے کر آج مختلف محاذوں پر دہشت گردی کے خلاف جنگ تک۔”

ترک پارلیمان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہ جس نے قومی ارادے کو عملی روپ دیا کہ جو جنگِ آزادی کا سبب بنا اور ایک مرتبہ پھر 15 جولائی کی رات بغاوت کی کوشش کرنے والوں کے خلاف تاریخی مزاحمت کر کے دوبارہ غازی کا رتبہ حاصل کیا، صدر ایردوان نے کہا کہ ” ہم اپنی جمہوریہ کے 100 سال مکمل ہونے کا شدت سے انتظار کرتے ہوئے 2023ء کے لیے اپنے اہداف کی جانب پورے عزم کے ساتھ گامزن ہیں۔ جمہوریت کے لیے ترکی نے آمروں سے لے کر بغاوتوں اور مظالم سے لے کر دہشت گردی کے خلاف جنگ تک، سب کا سامنا کیا ہے اور تمام رکاوٹیں عبور کی ہیں۔ اس طویل اور مشکل عمل میں جن مشکلات کا ہم نے سامنا کیا، وہ ہماری آزادی اور مستقبل کی جانب سفر کو روکنے میں ناکام رہیں۔ بلکہ انہوں نے ہمارے عزم کو مزید توانا کیا ہے۔ ہماری قوم کا ہر فرد جنگِ آزادی کے دوران متحد اور یک قالب ہوا تو ہماری جمہوریہ کی بنیاد پڑی، بالکل اسی طرح آج بھی قوم اتحاد، یگانگت اور بھائی چارے سے اپنا مستقبل خود تشکیل دے رہی ہے۔”

"2023ء کے اہداف حاصل کرکے ہم ایک نئے دور کی شروعات کریں گے”

جیسے جیسے ترکی اپنے اہداف کے قریب پہنچ رہا ہے، ہمارے ملک کے خلاف محاذ اتنا وسیع ہوتا جا رہا ہے اور اس پر حملوں کی تعداد اور شدت بڑھ رہی ہے، ان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ "جو طاقت ہم نے قوم سے حاصل کی ہے، اس کی مدد سے ہم ان حملوں کو ایک، ایک کرکے روکیں گے، سفارت کاری کے میدان سے معیشت اور اپنی اقدار تک ہر جگہ۔ ترکی کو معمولی سی مداخلت کے ذریعے استعمال کرنے والوں کی باتیں اور اقدامات اب کسی کام کے نہیں کیونکہ ترکی اب آزادانہ حیثیت سے کام کر رہا ہے۔”

ترکی کسی کے کہنے یا کرنے سے قطع نظر اپنے وژن اور ایجنڈے کے مطابق اقدامات اٹھاتا رہے گا، صدر ایردوان نے کہا کہ "جس طرح قیامِ جمہوریہ کی خواہش نے ہماری سرزمین کو بڑی طاقتوں کی سازشوں کے مطابق قبضے سے بچایا، اسی طرح ہم بھی اپنے اِن اہداف پر پہنچنے کا عزم رکھتے ہیں۔ آج ہم کہیں زیادہ طاقتور ہیں اور 20 سال پہلے کے مقابلے میں ہر لحاظ سے پُراعتماد بھی۔ ان شاء اللہ ہم 2023ء کے لیے تمام اہداف حاصل کر کے رہیں گے، اور اپنے خطے اور دنیا کے لیے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے۔ ہمارا مطالبہ ‘دنیا 5 سے کہیں بڑی ہے’ اب تقویت حاصل کرتا جا رہا ہے، ہماری نظریں ایک پُرامن اور طاقتور مستقبل کی طرف ہیں، جس کا ہم نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر بڑی امیدوں سے خواب دیکھا ہے۔ خدا ہماری مدد اور رہنمائی کرے! ان احساسات کے ساتھ میں ایک مرتبہ پھر آپ کو 97 ویں یومِ جمہوریہ کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔”

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: