پاکستانی وزیراعظم اور ان کی ٹیم کے کئی افراد ترک ڈرامہ "دیریلش ارطغرل” دیکھنے لگے

0 1,976

پاکستانی وزیراعظم عمران خان جنہوں نے گذشتہ دنوں ترک ڈرامہ سیریل "دیریلش ارطغرل” کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس ڈرمہ سیریل کو ڈبنگ کے ذریعے اپنی نوجوان نسل کو دکھانا چاہیے تاکہ وہ جانیں کہ ہمارے ماضی میں کامیابیاں کیسے حاصل کی جاتی تھیں۔

پاکستانی صحافی اور کالم نگار طارق حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کے کئی ممبر یہ ڈرامہ سیریل دیکھ رہے ہیں اور اپنی نجی محافل میں اس کے حوالے بھی دیتے ہیں۔

ترک صدر ایردوان بھی اس سیریز کی تعریف کئی بار کر چکے ہیں اور سیٹ پر جا کر کرداروں کی حوصلہ افزائی بھی کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے اپریل 2019ء میں کہا تھا کہ دنیا بھر میں عثمانی و ترک تاریخ میں ایک مرتبہ پھر دلچسپی پیدا ہونے پر TRT کی انتہائی مقبول سیریز ‘دیریلش: ارطغرل’ کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔

انہون نے یہ بھی کہا تھا کہ "اپنے سفر کے دوران میں جہاں بھی جاتا ہوں، سب دیریلش کے بارے میں مجھ سے بات کرنا چاہتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ اُن ممالک میں وہ یہ سیریز کس طرح دیکھتے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ اس سیریز نے دنیا بھر میں عثمانی تاریخ میں یکدم دلچسپی پیدا کرنے میں تنِ تنہا ایک کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان سے قبل معروف پاکستانی کرکٹر اسٹار شاہد خان آفریدی نے بھی مقبول عام ترک تاریخی ڈرامہ سیریل  دیکھنا شروع کی تھی۔ اس پرانہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ وہ ان کی کارکردگیوں اور فتوحات سے متاثر ہوئے ہیں جو اللہ پر ایمان کے نتیجے میں ہوئیں۔ وہ  عدل کی ریاست کی قائم کرنے سے بھی متاثر ہوئے اور کہا کہ وہ اس کو قائم کرنے کے اہل تھے۔ کرکٹر اسٹار نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا تھا کہ ویسی ریاست ایک بار پھر قائم ہو۔

یہ ڈرامہ عثمانی سلطنت کے بانی ارطغرل غازی کے بارے میں ہے اور ترکش ریڈیو اینڈ ٹیلی وژن کارپوریشن (TRT) پر نشر ہونے والی مقبول ترین سیریز ہے۔

ترکی دنیاکے سب سے زیادہ سیریز برآمد کرنے والے پانچ ممالک میں سے ایک ہے کہ جو لاطینی امریکا سے لے کر وسط ایشیا تک ناظرین کو اپنا گرویدہ بنا رہا ہے۔ ترک وزارت ثقافت کے مطابق 150 سے زیادہ ممالک کے 500 ملین سے زائد افراد درجنوں ترک سیریز دیکھ رہے ہیں۔ دیریلش: ارطغرل 70 سے زیادہ ممالک میں خاص طور پر سراہی گئی ہے۔

دیریلش ارطغرل کے تسلسل میں نئی ڈرامہ سیریل "کورولش عثمان” اگلے ہفتے 20 نومبر 2019ء کو ترکی میں شروع ہو رہی ہے۔

تبصرے
Loading...