استانبول ایئرپورٹ ہائی اسپیڈ میٹرو لائن کے تجربات کا آغاز

0 129

ترکی کے سب سے بڑے شہر استانبول کو اپنے نئے جدید ترین ایئرپورٹ سے منسلک کرنے کے لیے ہائی اسپیڈ میٹرولائن کی بوگیوں کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ اس کی کارکردگی جانچنے کے لیے تجربات کا آغاز رواں ماہ ہی کر دیا جائے گا ۔

وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ انفرا اسٹرکچر عادل قارہ اسماعیل اوغلو کا کہنا ہے کہ نئی لائن صرف 35 منٹ میں مسافروں کو استانبول کے یورپی علاقے ششلی سے نئے ایئرپورٹ پہنچائے گی۔

یہ سب وے 37.5 کلویٹرز طویل ہوگی، جس میں 9 اسٹیشنز شامل ہوں گے اور یہ ملک کی تیز ترین میٹرو لائن ہوگی، جس پر ٹرین 120 کلومیٹرز فی گھنٹے کی رفتار سے چلے گی۔

قارہ اسماعیل اوغلو نے کہا کہ رواں سال کے اختتام تک 10 سب وے بوگیاں تیار کر لی جائیں گی اور انہیں پٹریوں پر ڈال دیا جائے گا۔ نئی لائن کی تکمیل اگست 2021ء میں متوقع ہے۔

میٹرو لائن کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ان بوگیوں کی تیاری میں بھی مقامی ساز و سامان کے استعمال کو ترجیح دی جائے گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق اس روٹ پر 136 ٹرینیں استعمال کی جائیں گی، جنہیں ترکی میں تیار کیا جائے گا اور ان میں لوکلائزیشن کی شرح 60 فیصد ہوگی۔

یہ لائن روزانہ تقریباً 6 لاکھ شہریوں کو خدمات فراہم کرے گی۔ یہ بیشکتاش، ششلی، کاغت خانہ، ایوب اور ارناوت کوئے کے علاقوں سے گزرے گی اور شہر کے اندر ٹریفک کے حجم کو گھٹانے میں مدد دے گی۔

ترکی کے سب سے بڑے شہر استانبول سے دُور بحیرۂ اسود کے ساحلوں پر واقع استانبول ایئرپورٹ کا باضابطہ آغاز 29 اکتوبر 2018ء کو ہوا تھا یعنی ترک جمہوریہ کے قیام کے 95 سال مکمل ہونے پر۔ اس کا پہلا مرحلہ 7 اپریل تک مکمل آپریشنل ہوا کہ جب اس نے پرانے اتاترک ایئرپورٹ سے ایئر ٹریفک کنٹرول حاصل کیا۔

اتاترک ایئرپورٹ یورپ کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک تھا۔ جو اب تربیتی سرگرمیوں، ہوا بازی کی نمائشوں اور دیگر کاموں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جبکہ کچھ حصے عوامی تفریح گاہوں میں تبدیل کر دیے گئے ہیں۔

استانبول کا نیا ایئرپورٹ سالانہ 90 ملین مسافروں کوخدمات فراہم کر سکتا ہے، جو ویسے ہی بہت بڑی تعداد ہے لیکن اس ہوائی اڈے کے تمام 4 مراحل مکمل ہونے کے بعد جو 200 ملین مسافروں کی گنجائش پیدا ہوگی، اس سے کافی کم ہے۔ 2028ء میں مکمل ہونے والا یہ ایئرپورٹ دنیا بھر کے 300 مقامات کے لیے 100 سے زیادہ ایئرلائنز کو سہولیات دے گا۔

تبصرے
Loading...