وزیراعظم عمران خان، ترک صدر ایردوان کی دعوت پر اگلے ہفتے دو روزہ دورے پر ترکی آئیں گے

0 1,577

وزیر اعظم پاکستان عمران خان، ترک صدر رجب طیب ایردوان کی دعوت پر اگلے ہفتے دو روزہ پر ترکی آئیں گے۔

پاکستانی سربراہِ مملکت، ترک صدر کے ساتھ ملاقات میں باہمی امور کے علاوہ افغان مفاہمتی عمل سمیت خطے کے بدلتے حالات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ملاقات میں پاک ترک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔

پاکستانی وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران دیگر سرکاری حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ترکی میں بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، اس موقع پر ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی-

3-4 جنوری کو کیے جانے والے دورے میں وزیر خزانہ شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار اور عبدالرزاق داؤد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا اور عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے ترک صدر ایردوان کی جانب سے نیک تمنائیں اور خصوصی پیغام پہنچایا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے رجب طیب ایردوان کی جانب سے عمران خان کو دورہ ترکی کی دعوت دی جسے وزیر اعظم پاکستان نے قبول کیا۔

وزیر اعظم پاکستان کے دورہ ترکی کے اعلان سے دو روز قبل پاکستان کی سپریم کورٹ نے فتح اللہ گولن دہشتگرد تنظیم کو باقاعدہ طور دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ جسے ترک صدر ایردوان سمیت دیگر ترک حکام نے خوش آئند قرار دیا ہے۔

تبصرے
Loading...