صدر ایردوان کی مزارِ اتاترک پر حاضری

0 189

صدر رجب طیب ایردوان نے 96 ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر اتاترک کے مزار انیت کبیر پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔

ترکی کی قومی اسمبلی کے اسپیکر مصطفیٰ شین توپ، نائب صدر فواد اوقتائی، اراکینِ صدارتی کابینہ، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل یشار گولر، فوج کے کماندار، اعلیٰ عدالتوں کے صدور، چیئرمین جمہور خلق پارٹی (CHP) کمال کلچ دار اوغلو، اچھی (IYI) پارٹی کی چیئرپرسن میرال آق شینر، چیئرمین عظیم اتحاد پارٹی (BBP) مصطفیٰ دستجی، ملی حرکت پارٹی (MHP) کے پارلیمانی گروپ ڈپٹی جنرل چیئرمین ارکان آق چائی، سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور دیگر عہدیدار بھی اس تقریب میں موجود تھے۔

صدر ایردوان کی جانب سے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد شرکاء نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور قومی ترانہ استقلال مارشی پڑھا۔

بعد ازاں صدر ایردوان نے میثاقِ ملّی ٹاور میں تاثرات کی کتاب میں یہ الفاظ قلم بند کیے:

"عظیم اتاترک، ہم آج بحیثیتِ قوم اپنی جمہوریہ کے 96 سال مکمل ہونے کا جشن بھرپور جوش و خروش سے منا رہے ہیں۔ ہم آج کے دن بڑے فخر کے ساتھ آپ کو، جنگِ آزادی کے تمام ہیروز اور اپنے بزرگ شہداء کو یاد کر رہے ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں دیں اور اپنے غازیوں کے شکر گزار ہیں۔

جس عہد میں ہماری آزادی اور قومی بقاء پر حملے بڑھ رہے تھے، ہم نے وطن میں اور بیرون ملک اپنی جدوجہد مزاحمت کی مکمل روح کے ساتھ جاری رکھی جو ہمیں جنگِ آزادی میں فتح تک لے گئی۔ ہم 9 اکتوبر کو شروع ہونے والے اور مختصر وقت میں کامیابی کے ساتھ تکمیل تک پہنچنے والے آپریشن چشمہ امن کے ذریعے ایک مرتبہ پھر پوری دنیا کے سامنے شام کی سرحد کے ساتھ بننے والی دہشت گردی کی راہ داریوں کے خاتمے کے لیے اپنا عزم ظاہر کر چکے ہیں۔”

تبصرے
Loading...