آذربائیجان آمد پر صدر ایردوان کا استقبال

0 251

صدر رجب طیب ایردوان ایک روزہ دورے پر آذربائیجان پہنچ گئے ہیں جہاں آذربائیجانی صدر الہام علیف نے ان کا خیر مقدم کیا۔

استقبالیہ تقریب سے صدر دونوں ممالک کے صدور نے اسمارٹ ایگریکلچر کیمپس کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی۔

اس کے بعد اگالی گاؤں میں صدر علیف کی جانب سے صدر ایردوان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ دیا گیا۔ ترکی اور آذربائیجان کے قومی ترانے بجائے گئے اور دونوں رہنماؤں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

بعد ازاں دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر ایردوان نے حال ہی میں آزاد کروائے گئے قراباخ کے علاقے میں فضولی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح بھی کیا۔ یہ بین الاقوامی ہوائی اڈہ آذربائیجان کے شہر فضولی میں واقع ہے اور اسے آٹھ ماہ کے مختصر عرصے میں مکمل کیا گیا ہے۔ صدر ایردوان وہ پہلے غیر ملکی سربراہ تھے کہ جن کا جہاز اس ہوائی اڈے پر اترا۔

صدر علیف نے 12 جنوری کو اس ہوائی اڈے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، جو صرف آٹھ ماہ میں لیکن تمام تر بین الاقوامی معیارات کے مطابق تکمیل تک پہنچا ہے۔ اس ہوائی اڈے پر 22 اگست کو پہلی آزمائشی پرواز اتری تھی۔

اس ایئرپورٹ پر تین ہزار میٹرز (9,843 فٹ) طویل اور 60 میٹرز چوڑا رن وے ہے۔ اس کا ٹرمینل ایک گھنٹے میں 200 مسافروں کو خدمات فراہم کر سکتا ہے۔ اس ہوائی اڈے سے کارگو طیاروں سمیت تمام وائیڈ باڈی ہوائی جہاز پرواز کر سکتے اور اتر سکتے ہیں۔

ایئرپورٹ کی تعمیر میں ترکی کے اداروں نے بھی حصہ لیا جنہوں نے یہاں آٹومیٹک سسٹمز لگائے اور کنٹرول ٹاور کو بین الاقوامی ہوا بازی کے معیارات کے مطابق بنایا۔

یہ ہوائی اڈہ دارالحکومت باکو سے تقریباً 300 اور شوشا سے لگ بھگ 100 کلومیٹرز کے فاصلے پر واقع ہے۔

یہ صدر رجب طیب ایردوان کا گزشتہ سال نومبر میں قراباخ کی آزادی کے بعد سے تیسرا دورۂ آذربائیجان ہے۔

تبصرے
Loading...