نئے سال کے آغاز پر صدر رجب طیب ایردوان کا خصوصی پیغام

0 636

سالِ نو کے لیے اپنے پیغام میں صدر رجب طیب ایردوان نے 2022ء کو پوری انسانیت کے لیے مبارک قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ہم نے سرمایہ کاری، روزگار، پیداوار، برآمدات اور موجودہ اکاؤنٹ سرپلس کی بنیاد پر اپنے ملک کے لیے نمو کے عمل کو شروع کر کے معیشت میں تاریخی تبدیلی کا آغاز کیا ہے۔ ہم نے پورے عزم کے ساتھ معاشی تبدیلی کے اس عمل کو جاری رکھا ہے جس کے لیے میدان ہم نے گزشتہ 19 سال کے دوران اپنے منصوبوں اور خدمات کے ذریعے تیار کیا ہے۔”

صدر رجب طیب ایردوان نے نئے سال پر اپنا پیغام جاری کیا ہے:

"میری عظیم قوم میں آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ ایک اور سال کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ہم 2022ء میں داخل ہونے کی تیاریاں کر رہے ہیں اس امید کے ساتھ کہ یہ پوری انسانیت اور ہماری قوم دونوں کے لیے مزید حسین، پُر سکون، خوش حال اور ایک بہتر سال ہوگا۔

ہم نئے سال کی آمد کو جائزے اور احتساب کا وقت سمجھتے ہیں۔ سب سے پہلے میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ 2022ء ہماری قوم کے ساتھ ساتھ پوری انسانیت کے لیے مبارک ثابت ہو۔

"2021ء میں ایک مرتبہ پھر عالمی انتظامی و معاشی نظام کی بنیادیں ہل گئیں”

گزشتہ سال کی طرح 2021ء بھی کرونا وائرس کی وبا سے متاثر رہا۔ اس کے علاوہ ہم اس سال وبا کے علاوہ نئے یا پہلے سے جاری مسائل سے گزرے مثلاً آفتیں اور موسمیاتی تبدیلی، مختلف ممالک میں عدم استحکام سے پیدا ہونے والا تناؤ اور نتیجتاً مہاجرین کی نئی لہروں سے سامنے آنے والے تلخ مناظر۔

2008ء کے عالمی مالیاتی بحران، شام اور افغانستان جیسے علاقوں میں مایوس کن ٹریک ریکارڈ یا وبا کے خلاف کوتاہیاں، ان جیسے معاملات میں گزشتہ سال عالمی انتظامی و معاشی نظام کی چولیں ہل گئیں۔ 2021ء میں یہ واضح ہو گیا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد ترقی یافتہ ممالک نے خوشحالی اور تحفظ کا جو نظام بنایا تھا وہ اب ان حالات، مشکلات اور باقی انسانیت کے اعتراضات کی وجہ سے مزید نہیں چل سکتا۔

بلاشبہ یہ ایک تلخ سچ ہے کہ جو ممالک خود کو ترقی یافتہ کہتے ہیں لیکن ثابت ہوا ہے کہ وہ اتنے طاقتور نہیں رہے کہ دنیا کو درپیش بحران سے نمٹ سکیں۔ اس عالمی منظرنامے کے برعکس ترکی نے تحفظ اور صحت کے بحران کے علاوہ سیاسی و سماجی چیلنجز کے روبرو بھرپور کامیابی کے ذریعے خود کو نمایاں کیا ہے۔

"ترکوویک کے ساتھ ہم نے ویکسین دستیابی پر تمام شبہات ختم کر دیے ہیں”

یاد رکھیں کہ اپنے بروقت اقدامات کی بدولت ہم ان تمام مسائل سے نمٹے جو وبا کے ابتدائی مراحل میں ماسکس اور طبی آلات کی دستیابی، بعد ازاں ہسپتالوں میں بستروں کی تعداد اور صحت کی خدمات اور پھر ویکسین کے حوالے سے کنفیوژن سے پیدا ہوئے، ہم نے ان تمام مشکلات کو عبور کیا۔ ہمارے سٹی ہسپتالوں نے وبا کے دوران صحت عامہ کی مناسب خدمات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ الحمد للہ ہم نے اپنی ویکسین ترکوویک بھی بنائی ہے اور یوں ویکسین کی دستیابی کے معاملے پر عائد تمام شبہات کا خاتمہ کر دیا ہے۔

"ہم ترکی کو دنیا کی 10 بہترین معیشتوں میں لانے کے لیے پُر عزم ہیں”

اس کے علاوہ ہم نے معیشت میں تاریخی تبدیلی کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری، روزگار، پیداوار، برآمدات اور موجودہ اکاؤنٹ سرپلس کی بنیاد پر اپنے ملک کے لیے نمو کے عمل کو شروع کر کے معیشت میں تاریخی تبدیلی کا آغاز کیا ہے۔ ہم نے پورے عزم کے ساتھ معاشی تبدیلی کے اس عمل کو جاری رکھا ہے جس کے لیے میدان ہم نے گزشتہ 19 سال کے دوران اپنے منصوبوں اور خدمات کے ذریعے تیار کیا ہے۔ بلاشبہ اس عمل سے نئی مشکلات، مسائل اور پریشانیاں بھی ابھریں، جیسا کہ ہر تاریخی تبدیلی کے عمل میں ہوتا ہے۔ البتہ ہم ایسے غیر متوقع دھچکوں کے لیے پہلے سے تیار تھے کیونکہ ترک معیشت عرصے سے حملوں کی زد میں ہے۔

ہم نے شرحِ تبادلہ میں آنے والی کمی بیشی کا خاتمہ کیا کہ جو ہمارے ملک کے معاشی حقائق کے مطابق نہیں ہے۔ ہمارا ہدف استحکام و اعتماد کا ایک مستقل ماحول بنانا ہے جہاں ہمارے سرمایہ کاری، صنعت کار، کاروباری اور شہری مستقبل کی جانب سے دیکھ سکیں اور ہمارے معاشی سفر میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈال سکیں۔ ہم اس امر کو یقینی بنانے کا عزم رکھتے ہیں کہ اعتماد اور استحکام کا یہ ماحول تمام تر سازشوں کے باوجود اپنی جڑیں مضبوط کرے۔

ہم نے عملاً ثابت کیا ہے کہ ہم کم از کم تنخواہ میں اضافہ کر کے اپنے ملازمین، برآمد کے لیے دی گئی سہولیات کے ساتھ اپنے صنعت کاروں اور سرمایہ کاری و روزگار کے مواقع کے لیے دی گئی سہولیات کے ذریعے اپنے آجروں اور کارکنوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم غیر متوازن شرح تبادلہ کی وجہ سے قیمتوں میں بے پناہ اضافے کی سازشوں کے خلاف بھی اپنی جنگ مستقل جاری رکھیں گے۔ ہم ترکی کو دنیا کی 10 بہترین معیشتوں میں سے ایک بنانے اور اپنے اہداف حاصل کرنے والے ممالک میں لانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

"ان شاء اللہ 2022ء وہ سال ہوگا جس میں ہم بالآخر پر سکون دن دیکھیں گے”

سیاسی عدم استحکام کی علامت بن جانے والے اتحادوں کے ساتھ ساتھ بغاوتوں، سازشوں اور سماجی تقسیم کو گہرا کرنے کے ذریعے ملک کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کی کوششیں اب مزید نہیں چلیں گی۔ ترکی جو صدارتی نظام حکومت کی علامت بن چکا ہے، مضبوط جمہوریت اور ترقی کی بنیادوں پر کوئی سودے بازی کیے بغیر اپنے روشن مستقبل کا سفر جاری رکھے گا۔

2023ء کے اہداف ترکی کو دنیا کی سرِ فہرست 10 معیشتوں میں لائیں گے، ایک عظیم اور طاقتور ترکی بنائیں گے اور آئندہ نسلوں کے لیے 2053ء کا وژن عطا کریں گے۔

ہم اس وژن پر کام کرنے کے لیے سب کے شانہ بشانہ چلنے اور اس کی مخالفت کرنے والے ہر شخص سے لڑنے کو تیار ہوں۔ 2022ء ان شاء اللہ وہ سال ہوگا جس میں ہم تحفظ، امن و خوشحالی کے دن دیکھیں گے کہ جن کا ہم تمام 8.4 کروڑ شہریوں نے خواب دیکھا ہے۔ ہم ایسے دور میں داخل ہو رہے ہیں جہاں بحیثیت قوم ہمارے اقدامات، ہمارے منصوبے اور خدمات، ہماری قربانیوں اور مشکلات بالآخر ایک نتیجے تک پہنچیں گی۔ جمہوریہ کے صد سالہ جشن کے موقع پر ہمیں یہ حقائق مزید واضح نظر آئیں گے۔

"ہم اپنے ملک کی خدمت جاری رکھیں گے”

گزشتہ سالوں کی طرح 2021ء میں بھی ہم نے اندرون و بیرون ملک کئی کام تکمیل کو پہنچائے۔ ہم نے ترکی کے اندر 26 شہروں کے 34 دورے کیے اور کئی نئی خدمات اور نو تعمیر شدہ تنصیبات کا افتتاح کیا۔

ترکی سے باہر ہم نے 13 مختلف ممالک کے 14 دورے کیے، اپنے ملک کے حقوق اور مفادات کو حاصل کرنے کے لیے کئی تقریبات میں شرکت کی۔

ہم اپنے ملک کی خدمت جاری رکھیں گے جب تک کہ خدا ہمیں زندگی دے اور قوم ہمیں موقع دیتی رہے۔ میں 2021ء میں وبا اور قدرتی آفات کے نتیجے میں وفات پانے والے تمام شہریوں کے لیے مغفرت کی دعا کرتا ہوں اور ان ہیروز کے لیے بھی جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: