کروناوائرس کے خلاف لڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، صدارتی ترجمان

0 383

کرونا وائرس کی وباء کے مقابلے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدارتی ترجمان ابراہیم قالین نے کہا ہے کہ ” ہم کسی خوف یا بے پروائی کے لیے کوئی راستہ نہ چھوڑتے ہوئے کرونا وائرس کے خلاف لڑنے کے لیے تمام ذرائع اور صلاحیت رکھتے ہیں۔ عالمی منظرنامہ کو دیکھیں تو ترکی کے اقدامات اب تک بہت مؤثر ثابت ہوئے ہیں۔”

کروناوائرس (COVID-19) کے خلاف اقدامات کے حوالے سے صدر رجب طیب ایردوان کی زیر صدارت ایک اجلاس کے بعد صدارتی ترجمان ابراہیم قالین نے ایوانِ صدر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

"ہم کروناوائرس کے خلاف بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے”

اب تک کروناوائرس کے خلاف کامیاب اور مؤثر جدوجہد کی طرف توجہ دلاتے ہوئے صدارتی ترجمان نے کہا کہ "اہمیت اس بات کی ہے کہ ہمارے شہری سرکاری بیانات پر توجہ دیں اور اُن پر عمل پیرا ہوں، کسی خوف اور بے پروائی کے بغیر، اور اس عالمگیر وبا کے خلاف صحت عامہ، تعلیم، نقل و حمل، سیاحت، معیشت، دفاعی صنعت جیسے شعبوں میں کامیابی جدوجہد میں جاری رکھنے کے لیے متحرک کردار ادا کریں۔ اب تک اٹھائے گئے اقدامات کے مطابق ہم کروناوائرس کے خلاف ایک بھرپور اور پر عزم جدوجہد جاری رکھیں گے۔”

"اسکول 16 مارچ سے ایک ہفتے کے لیے بند رہیں گے”

صدارتی ترجمان نے کہا کہ "پرائمری، مڈل اور ہائی اسکول 16 مارچ سے ایک ہفتے کے لیے بند ہوں گے۔ 23 مارچ سے ہمارے طالب علم فاصلاتی نظامِ تعلیم کے ذریعے اپنی تعلیم بذریعہ انٹرنیٹ اور ٹیلی وژن جاری رکھیں گے۔ اس کے علاوہ ہماری جامعات 16 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے بند رہیں گی۔”

"کھیلوں کے ایونٹس اپریل کے اختتام تک بغیر تماشائیوں کے ہوں گے”

ابراہیم قالین نے کہا کہ اس کے علاوہ ماہرین کی سفارشات اور تجزیے کے تحت یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کھیلوں کی تقریبات اپریل کے اختتام تک بغیر تماشائیوں کے ہوں گی۔”

یہ بتاتے ہوئے کہ بیرونِ ملک کا سفر کرنے والے سرکاری ملازمین کو باضابطہ اجازت لینا ہوگی، صدارتی ترجمان نے شہریوں کو بھی بین الاقوامی سفر مؤخر کرنے کا مشورہ دیا۔

"ہم افراتفری پیدا کیے بے بغیر اس عمل کو جاری رکھیں گے”

صدارتی ترجمان نے کہا کہ "” ہم کسی خوف یا بے پروائی کے لیے کوئی راستہ نہ چھوڑتے ہوئے کرونا وائرس کے خلاف لڑنے کے لیے تمام ذرائع اور صلاحیت رکھتے ہیں۔ عالمی منظرنامہ کو دیکھیں تو ترکی کے اقدامات اب تک بہت مؤثر ثابت ہوئے ہیں۔ ہم ان اقدامات کو پورے عزم کے ساتھ نافذ کریں گے اور مل جل کر آگے بڑھیں گے۔”

ابراہیم قالین نے یہ بھی اعلان کیا کہ صدر ایردوان کے بیرونِ ملک کے دورے مؤخر کر دیے گئے ہیں۔

تبصرے
Loading...