‘ارطغرل’ کے پروڈیوسر نے جلال الدین خوارزم شاہ پر نئے پروجیکٹ کا انکشاف کر دیا
ترکی کی مشہور سیریز ‘ارطغرل غازی’ کے اسکرین رائٹر اور پروڈیوسر محمد بوزداغ نے کہا ہے کہ جلال الدین خوارزم شاہ پر اُن کی نئی تاریخی ٹیلی وژن سیریز ترکی میں جنوری سے نشر ہوگی۔ ازبکستان میں سیریز کے پریمیئر کے موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ سیریز دنیا بھر میں زبردست اثرات مرتب کرے گی۔
جلال الدین خوارزم شاہ خوارزمی سلطنت کے حکمران تھے کہ جنہوں نے منگول حملوں کے خلاف زبردست جدوجہد کی لیکن اس کا انجام افسوس ناک ہوا۔ منگولوں کو وسط ایشیا کے میدانوں پر روکنے میں ناکامی کے بعد جلال الدین نے سلجوق اور خوارزم شاہ کے مابین لڑائی کو ایک طرف رکھتے ہوئے منگولوں کو روکنے کے لیے ایک اتحاد بنانے کی کوشش کی۔
حالانکہ 1221ء میں انہوں نے ناقابلِ شکست سمجھے جانے والے منگولوں کو ایک تاریخی شکست بھی دی لیکن وہ ان کو مکمل طور پر روک نہ پائے اور بعد ازاں اناطولیہ آ گئے۔ انہیں سلجوق حکمران علاؤ الدین کیقباد نے شکست دی اور کہا جاتا ہے کہ بعد ازاں انہیں ایک خانہ بدوش نے قتل کر دیا تھا۔
بوزداغ کا کہنا ہے کہ وہ اس منصوبے پر دو سال سے کام کر رہے ہیں کہ جس کی درخواست حکومتِ ازبکستان نے کی تھی اور اس کی 13 قسطوں کی شوٹنگ ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اسے ایک نیا زاویہ دیں گے لیکن یہ سیریز اصل کہانی پر مبنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اسے ازبک ثقافت، جغرافیہ اور ماورائے النہر خطے کی تاریخ ظاہر کرنے کے لیے بنایا ہے۔
بوزداغ نے مزید کہا کہ جلال الدین خوارزم شاہ سیریز کی طلب ابھی سے بہت زیادہ ہے، جس کی وجہ ارطغرل کی عالمی کامیابی ہے۔
ارطغرل 13 ویں صدی کے اناطولیہ میں عثمانی سلطنت قائم ہونے سے پہلے ترکوں کے حالات بیان کرنے والی سیریز ہے۔ اس کا بنیادی کردار سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اول کے والد ارطغرل غازی ہیں۔