انطالیہ میں سیاحوں کی تعداد روز بروز نئے ریکارڈز بنانے لگی

0 788

ترکی کے ریزورٹ شہر انطالیہ میں غیر ملکی سیاحوں کی تعداد مئی میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ شہر کے گورنر کے مطابق بحیرۂ روم کے کنارے واقع اس صوبے نے 25 مئی کو 76,568 غیر ملکی سیاحوں کا خیر مقدم کیا۔

"25 مئی 2019ء کو 76,568 سیاح ہوائی سفر کے ذریعے انطالیہ پہنچے۔ جو مئی کے مہینے میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔” منیر قارااوغلو نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا۔ ایئرپورٹ ڈیٹاکے مطابق 25 مئی کو 363 ہوائی جہاز بین الاقوامی مقامات سے انطالیہ کے ہوائی اڈے پر اترے۔ ترکش ہوٹلیئرز فیڈریشن (TÜROFED) کے چیئرمین عثمان آیک نے کہا کہ شعبہ سیاحت کو آج سے نئے ریکارڈز کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ "یہ ریکارڈز کا سال ہوگا اور اعداد و شمار پچھلے سالوں کوبھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔” آیک نے کہا "جولائی، اگست اور ستمبر روزانہ کی بنیاد پر بہت زیادہ اعداد و شمار ظاہر کریں گے۔ ہمارے لیے مئی میں بلند ترین سطح چھونا بہت اہم تھا۔”

آیک نے مزید کہا کہ مقامی مارکیٹ میں سفر کرنے والے افراد کو اس عرصے میں ہوٹلوں میں سکونت کی شرح بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے کچھ جلدی دکھانا ہوگی۔

دوسری جانب پروفیشنل ہوٹلیئرز ایسوسی ایشن (POYD) چیئرمین اولکائی اتماجا نے کہا کہ 2019ء ریکارڈز کا سال ہوگا۔ "یہ مئی کے مہینے کے لیے زبردست اعداد و شمار ہیں۔ یورپ اور آزاد اقوام کی دولت مشترکہ (CIS) ممالک سے آنے والے سیاحوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔ موسم کے گرم ہونے اور اسکولوں کے لیے گرمیوں کی تعطیلات شروع ہوتے ہی ہمارے ملک اور شہر میں روزبروز دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے،” انہوں نے ریکارڈز کے بدستور بڑھنے پر زور دیتے ہوئے کہا۔

انطالیہ صوبائی ثقافت و سیاحت انتظامیہ نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ انطالیہ نے رواں سال کے ابتدائی ساڑھے 4 مہینوں میں 178 ممالک کے 23 لاکھ سیاحوں کا خیرمقدم کیا۔ صوبہ اپنی 25 لاکھ کے قریب آبادی کے جتنے ہی سیاحوں کی میزبانی کر چکاہے۔

اسی طرح یکم جنوری سے 15 مئی کے دوران سیاحوں کی تعداد گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 24 فیصد بڑھی۔

مذکورہ عرصے میں بحیرۂ روم کے اس ساحلی شہر میں سب سے زیادہ آنے والے غیر ملکی بدستور روسی ہیں۔ روسیوں کی تعداد 30 فیصد اضافے کے ساتھ 8,19,406 تک پہنچی۔ جرمن 4,75,198 سیاحوں کے ساتھ دوسرے اور برطانوی 1,40,606 سیاحوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھے۔ انطالیہ نے نیدرلینڈز، یوکرین، پولینڈ، لتھووینیا، اسرائیل اور ڈنمارک کے سیاحوں کا بھی خیر مقدم کیا۔ وزارت ثقافت و سیاحت کے مطابق بحیرۂ روم کے اس ساحلی شہر نے 2018ء میں ایک کروڑ 24 لاکھ غیر ملکی مہمانوں کی میزبانی کی۔

تبصرے
Loading...