‘دریلش ارطغرل’ اختتام کو پہنچا، اب ‘دریلش عثمان’ آئے گا

0 3,332

29 مئی 2019ء کو فتحِ قسطنطنیہ کے 566 سال مکمل ہوئے اور اسی روز مقبول ترین ترک ٹیلی وژن سیریز ‘دریلش ارطغرل’ بھی اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس کے ساتھ ہی اعلان کیا گیا ہے کہ رواں سال ‘دریلش عثمان’ کے نام سے سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان خان غازی کی زندگی پر نئی سیریز شروع کی جائے گی۔

دسمبر 2014ء میں شروع ہونے والی یہ سیریز ارطغرل بے اور ان کے ساتھیوں کی کہانی تھی، جو سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اوّل کے والد تھے۔ 150 قسطوں کے بعد مئی 2019ء میں اس سیریز کا اختتام بھی بہت خوبصورت انجام کے ساتھ کیا گیا ، جو امیدوں کو جگانے والا تھا۔ گو کہ ناظرین پہلے سے جانتے تھے کہ اب اپنے پسندیدہ ہیرو کو الوداع کہنے کا وقت آ گیا ہے لیکن سیریز تخلیق کرنے والوں نے اختتام ارطغرل کی موت پر نہیں کیا۔ اس کے بجائے ارطغرل اپنے ساتھیوں کے ساتھ جنگ میں حصہ لینے نکل جاتے ہیں اور پیچھے قبیلے کی باگ ڈور نوجوان ہاتھوں میں دے جاتے ہیں۔ آخری منظر میں کی گئی دعا سے بھی واضح ہوا کہ اب ارطغرل کی واپسی نہیں ہوگی۔

سیریز کے پروڈیوسر محمد بوزداغ نے اختتام پر پورے عملے کے ساتھ ساتھ صدر رجب طیب ایردوان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اس سیریز کو بھرپور سپورٹ دی اور اسے ایک بہترین تخلیق بنانے میں مدد فراہم کی۔ سیریز میں ارطغرل کا کردار ادا کرکے عالمی شہرت حاصل کرنے والے انجین التان دوزیتان نے بھی ناظرین کو الوداع کہا، اس عہد کے ساتھ کہ وہ مزید کرداروں کے ساتھ پھر منظرنامے پر آئیں گے۔

اس کے ساتھ ہی ٹیک ڈین فلم نے رواں سال ستمبر-اکتوبر سے نئی سیریز ‘دریلش عثمان’ جاری کرنے کا اعلان بھی کیا۔ اس آئندہ سیریز میں مرکزی کردار براق اوزچیوِت ادا کریں گے۔ خبر ہے کہ اداکار نے پانچ سیزنز کے لیے معاہدے پر دستخط کیے ہیں یعنی عثمانی سلطنت کے بانی عثمان غازی کی دلچسپ کہانی بھی پانچ سیزنز تک پیش کی جائے گی۔

دریلش ارطغرل ملکی تاریخ کی بہترین ٹیلی وژن پیشکشوں میں ایک کے طور پر ہمیشہ ذہنوں میں تازہ رہے گا۔ صرف ترکی ہی نہیں، بلکہ اس سیریز نے اسلامی دنیا اور اس سے آگے انگریزی بولنے والے ممالک میں بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔ نیٹ فلکس نے ارطغرل کی براڈکاسٹ حقوق حاصل کیے تھے اور سیریز نے امریکا اور برطانیہ میں زبردست کامیابیاں سمیٹیں۔ غیر ملکی ناقدین نے ارطغرل کی کامیابی کا تقابل مشہورِ زمانہ سیریز ‘گیم آف تھرونز’ سے کیا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ ‘دریلش عثمان’ اس کامیابی کا تسلسل جاری رکھ پائے گی یا نہیں؟ آیا براق اوزچیوِت ارطغرل کے جانشیں کے کردار میں انجن آلتن دوزیاتن کو پیچھے چھوڑ پائیں گے؟ ویسے سیریز پر کام کا آغاز پچھلے ہفتے ہی ہو چکا ہے۔ محمد بوزداغ ہی کی زیر ہدایت یہ نئی سیریز TRT 1 پر ہی نشر ہوگی۔ اس لیے ہمیں تو ستمبر 2019ء کا شدت سے انتظار ہے۔

تبصرے
Loading...