تین مہینوں میں "ارطغرل” ڈجیٹل میڈیا پر 21 ملین سے زیادہ ناظرین تک پہنچ گیا

0 423

محمد بوزداغ کی پیشکش "دریلش ارطغرل” ترکی کے سرکاری براڈکاسٹر TRT کی مقبول سیریز ہے، جو 2014ء میں شروع ہوئی اور مئی 2019ء میں 150 ویں قسط کے ساتھ اپنے اختتام تک پہنچی۔ گو کہ آخری قسط کو ختم ہوئے ایک سال کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن اب بھی "دریلش ارطغرل” یوٹیوب پر بہت مقبول ہے۔

ترکی جو امریکا کے بعد ٹی وی سیریز برآمد کرنے میں دوسرے نمبر پر ہے، مقبول "دریلش ارطغرل” کو 71 ممالک کو برآمد کر چکا ہے۔

امریکا کے علاوہ یہ ٹی وی سیریز افغانستان، البانیہ، آذربائیجان، بنگلہ دیش، بیلاروس، بولیویا، بوسنیا و ہرزیگووینا، بوٹسوانا، برونڈی، ایکویڈور، انڈونیشیا، آرمینیا، اسٹونیا، ایتھوپیا، گھانا، جارجیا، کینیڈا، قزاقستان، کینیا، کرغزستان، سیرالیون، لیٹویا، لتھووینیا، مقدونیہ، ملاوی، منگولیا، مالڈووا، ازبکستان، پاکستان، پورٹوریکو، رومانیہ، روانڈا، روس، چلی، تاجکستان، تنزانیہ، ترکمنستان، یوگینڈا، یوکرین، وینیزوئیلا، زیمبیا، ویلز، برطانیہ، اسکاٹ لینڈ، شمالی آئرلینڈ اور مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ کے دیگر 25 ملکوں میں برآمد کی گئی ہے اور ان ملکوں میں اس کی فروخت کے حقوق کو لائسنس دیے گئے ہیں۔

ہر گزرتے دن کے ساتھ "دریلش ارطغرل” کے ناظرین ڈجیٹل دنیا میں بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔

ٹی وی سیریز 25 سے زیادہ زبانوں میں ترجمہ ہو چکی ہے جن میں انگریزی، اردو اور عربی شامل ہیں۔ ڈجیٹل میڈیا میں مختلف زبانوں کے آپریشن ڈیٹا کے مطابق ٹی وی سیریز نے 2.9 ملین سبسکرائبرز اور 515 ملین ویوز حاصل کیے ہیں۔

ٹی وی سیریز پچھلے 90 دنوں میں 21 ملین ناظرین تک پہنچی ہے کیونکہ کروناوائرس کے ان ایام میں لوگوں کی بڑی تعداد ڈجیٹل پلیٹ فارمز کا رخ کر رہی ہے۔

وزیر اعظم پاکستان کی درخواست پر ملک کا سرکاری ٹیلی وژن پی ٹی وی روزانہ ایک قسط اردو ڈبنگ کے ساتھ نشر کر رہا ہے جس کا آغاز رمضان المبارک کے ساتھ ہوا۔ یہ ٹی وی سیریز 101 ملین مرتبہ سے زیادہ دیکھی گئی ہے، جو ایک ملین سے زیادہ ناظرین کی توجہ حاصل کر چکی ہے۔

تبصرے
Loading...