ترکی میں تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رہیں گے

0 194

ترک وزارتِ قومی تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ COVID-19 کی وجہ سے اسکولوں کی بندش میں مزید توسیع کر دی گئی ہے اور اب یہ 31 مئی تک بند رہیں گے۔ وزیر قومی تعلیم ضیاء سلجوق نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ریموٹ ایجوکیشن یعنی فاصلاتی تعلیم اب اس تاریخ تک جاری رہے گی۔

ترکی نے ملک میں وائرس سے پہلے کیس کی تصدیق ہونے کے بعد کروناوائرس وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 16 مارچ کو تعلیمی ادارے بند کر دیے تھے اور فاصلاتی تعلیم کا نظام متعارف کروایا تھا۔

ایک ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب طالبِ علم کروناوائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے روبرو تعلیم سے محروم ہیں، ترکی دوسرا ملک بنا کہ جس نے قومی سطح پر فاصلاتی تعلیم متعارف کروائی۔

ترکی میں اسکول بند ہوتے ہی 18 ملین طلبہ نے ملک کے ایجوکیشن انفارمیشن نیٹ ورک (EBA) اور سرکاری براڈکاسٹر TRT EBA کے ذریعے آن لائن اور بذریعہ ٹیلی وژن اپنی تعلیم حاصل کرنا شروع کر دی۔

TRT کے تین چینل پرائمری، سیکنڈری اور ہائی اسکول تعلیم کے لیے مخصوص ہیں۔ دنیا کے سب سے بڑے آن لائن ایجوکیشن پلیٹ فارم EBA پر طلبہ 1,600 اسباق اور ساتھ ساتھ 20 ہزار انٹرایکٹو سرگرمیوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ ترکی کے تینوں ٹاپ موبائل آپریٹرز نے طلبہ کو آٹھ جی بی مفت انٹرنیٹ ڈیٹا فراہم کیا ہے تاکہ وہ آن لائن اسباق تک رسائی حاصل کر سکیں۔

تبصرے
Loading...