سربیا ترکی کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرے گا، سربیائی صدر

0 142

سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچچ نے کہا ہے کہ سربیا مستقبل میں ترکی کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

استانبول میں صدر رجب طیب ایردوان کے ساتھ ایک ظہرانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے صدر ووچچ نے کہا کہ ترکی کے ساتھ ہمارے تعلقات بہترین ہیں اور ہم مستقبل میں ان دوستانہ تعلقات کو مزید پروان چڑھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ترکی مغربی بلقان میں خاصا اثر و رسوخ رکھتا ہے اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان رابطہ مضبوط ہے۔ "ہمارے نقطہ نظر سے یہ بہت اہم ہے۔ ترکی اہم علاقائی طاقت ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ دنیا میں نمایاں مقام کی طرف بڑھ رہا ہے۔”

دونوں رہنماؤں نے سربیا اور کوسوو کے مابین ہونے والے مذاکرات پر بھی گفتگو کی۔ سربیائی رہنما نے کہا کہ "میں نے اس معاملے پر صدر ایردوان کی رائے سنی ہے اور میں نے انہیں اپنی رائے سے آگاہ کیا ہے۔ وہ سربیا کے ساتھ احترام کا رشتہ رکھتے ہیں۔”

سربیا اور کوسوو کے رہنماؤں نے ستمبر کے اوائل میں واشنگٹن میں ملاقات کی تھی جس کا اختتام ایک تاریخی سنگِ میل پر ہوا کہ دونوں نے اقتصادی تعلقات قائم کر لیے۔

تبصرے
Loading...