جموں و کشمیر تنازعہ کا پُرامن حل اہم، مسئلہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دوبارہ آیا تو قراردادوں کے تسلسل میں آگے بڑھاؤں گا، ولکان بوزکر

0 2,465

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر وولکن بوزکر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے نومنتخب صدر جنرل اسمبلی کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال اور اس حوالے سے پاکستانی قوم کے جذبات سے آگاہ کیا ہے اور صدر جنرل اسمبلی نے تسلیم کیا ہے کہ جموں و کشمیر تنازعہ کا حل بہت اہم ہے۔ پاکستان کے سیاسی نقشہ کا اجراء پاکستانی عوام کے جذبات کی عکاسی ہے۔ نقشہ نے سرکریک سیاچن جوناگڑھ کشمیر اور دیگر امور کو تقسیمِ برصغیر کے تحت واضح کیا ہے۔

وزیر خارجہ پاکستان نے کہا کہ جنرل اسمبلی کا اجلاس ورچوئل نہیں بلکہ فزیکل ہونا چاہیے۔ وزیراعظم کو سفارش کی ہے کہ وہ خود جنرل اسمبلی اجلاس میں شریک ہوں۔

شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کویڈ کی ویکسین سستی اور معیاری ہونی چاہیے اور سب تک اسکی رسائی ہونی چاہیے۔

جبکہ ترکی سے تعلق رکھنے والے وولکن بوزکر نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وباء سے موثر انداز میں نمٹا ہے اور اب جنرل اسمبلی کو بھی اپنے معاملات بحال کرنے چاہئیں۔ اقوام متحدہ کو فعال رکھنا ہوگا ورنہ اس پر سے لوگوں کا اعتماد ختم ہو جائے گا۔

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی صدر وولکن بوزکر نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کر کے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ او آئی سی اور کئی اہم عالمی تنظیموں کا اہم اور متحرک رکن ہے۔ وزیراعظم کے ساتھ ملاقات انتہائی اہم رہی۔ ترکی اور پاکستان دونوں اقوام متحدہ کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے حوالے سے ترکی کا موقف بہت واضح ہے۔ جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں اور شملہ معاہدہ بھی بہت اہم ہے۔ وولکن بوزکر نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کا پرامن حل خطے کے امن کیلئے اہم ہے۔

اس سے قبل انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوز سے ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ گزشتہ سال بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران ان کی حکومت نے لوگوں کی جانیں بچانے اور معیشت کی بحالی پرتوجہ مرکوز رکھی حکومت نے غریبوں اورمستحق افراد کے لیے 8 بلین ڈالر کا امدادی پیکج دیا۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ یہ پاکستان میں کسی بھی حکومت کی جانب سے معاشرتی تحفظ کا سب سے بڑا پیکج ہے۔ وزیراعظم عمران خان نےوولکن بوزکر سے قرض سے نجات کےلیے اپیل کا ذکر بھی کیا وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اقدامات پربھی روشنی ڈالی وزیراعظم نے وولکن بوزکر کو یواین جنرل اسمبلی کے نئے صدرمنتخب ہونے پر مبارکباد دی اس سے قبل اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر وولکن بوزکر نے کہا کہ دنیا کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفد سے ملاقات کے دوران پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔

تبصرے
Loading...