ریڈ لسٹ سے اخراج، 2 لاکھ برطانوی سیاحوں کی ترکی آمد متوقع

0 456

ترک ٹریول ایجنسیوں کو رواں سال کے باقی ماندہ مہینوں میں تقریباً 2 لاکھ برطانوی سیاحوں کی آمد کی توقع ہے کیونکہ برطانیہ نے ترکی کو اپنی کرونا وائرس ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے۔

ترکی مئی سے ریڈ لسٹ میں شامل تھا، لیکن 17 ستمبر کو حکومت برطانیہ نے اعلان کیا کہ 22 ستمبر سے ترکی سے آنے والے افراد کو مخصوص ہوٹل میں قرنطینہ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور یوں وہ اپنے ہزاروں پونڈز بچا سکتے ہیں۔

ایسوسی ایشن آف ترکش ٹریول ایجنسیز (TURSAB) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں اس کی پہلے سے توقع تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے چند اداروں نے پہلے ہی تعطیلات کے لیے بکنگ کرنا شروع کر دی تھیں۔

ایسوسی ایشن نے کہا کہ ستمبر میں برطانیہ میں اسکولوں کی چھٹیاں ہوں گی اور تب برطانوی باشندوں کی طلب میں اضافہ ہوگا۔ برطانیہ کی جیٹ2 ہالیڈیز ایئر لائن پہلے ہی دلامان اور انطالیہ کے لیے 23 ستمبر سے پروازیں شروع کر رہی ہے۔

انجمن نے مزید کہا کہ ہمیں 22 ستمبر سے رواں سال کے اختتام تک تقریباً 2 لاکھ برطانوی سیاحوں کی آمد کی توقع ہے۔

رواں سال جنوری سے جولائی کے دوران صرف 85 ہزار برطانوی سیاح ترکی آئے تھے، جو گزشتہ سال کے 2,04,000 سے کہیں کم تعداد ہے بلکہ 2019ء کے 14 لاکھ کے مقابلے میں تو کچھ بھی نہیں۔ جولائی میں برطانیہ سے آنے والوں کی تعداد میں سالانہ بنیادوں پر تقریباً 53 فیصد کی کمی آئی اور یہ محض 36 ہزار رہ گئے۔

ترکی برطانوی باشندوں کے لیے اہم تعطیلاتی مقام ہے اور اس کے بحیرۂ ایجیئن کے ساتھ واقع ریزورٹس خاص طور پر برطانوی شہریوں میں بہت مقبول ہیں۔

2020ء میں ترکی نے 26 لاکھ برطانوی شہریوں کا خیر مقدم کیا تھا جو اس سے پچھلے سال کے 23 لاکھ سے کہیں زیادہ تھے۔ البتہ گزشتہ سال کووِڈ-19 پابندیوں کی وجہ سے ترکی میں تقریباً 8,21,000 برطانوی ہی تعطیلات منانے آئے۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: