کوالالامپور سمٹ پر سعودی عرب نے عمران خان کو بلیک میل کیا، ترک صدر ایردوان

0 5,377

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے ملائیشیا میں صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب نے کوالالامپور سمٹ پر وزیراعظم عمران خان کو بلیک میل کیا ہے۔

جب ایک صحافی نے ان سے پوچھا کہ کہ سعودی عرب نے پاکستان پر دباؤ ڈالا ہے اور انڈونیشیا کی غیر حاضری کی کیا وجہ ہے تو اس کا جواب دیتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ سعودی عرب اور ابوظہبی کے حکمرانوں کے اس قسم کے رویے پہلی بار نہیں ہیں، یہ بدقسمتی ہے کہ اب ہم سعودی عرب کی طرف سے پاکستان پر دباؤ دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت ان کے پاکستان کے مرکزی بنک کے حوالے سے پہلے کئے گئے کچھ وعدے موجود ہیں لیکن سب سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ اس وقت 4 ملین پاکستانی سعودی عرب میں کام کر رہے ہیں۔

ترک صدر ایردوان نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کو کہتے ہیں "ان کو واپس بھیجیں گے اور ان کی جگہ بنگلہ دیشیوں کو لائیں گے”، بدقسمتی سے پاکستان نے جو اس وقت مشکل معاشی صورتحال کا سامنا کر رہا ہے، "ہم اپنی رقم نکال لیں گے” جیسی دھمکیوں اور مرکزی بنک کے مسائل کی وجہ سے اس مرحلے پر ہمارے ساتھ مختلف رویہ رکھنے پر مجبور ہوا ہے۔

انہوں نے انڈونیشیا کے بارے کہا کہ انہوں نے ملائشین سربراہ مملکت کو کہا تھا کہ نائب صدر کو بھیجیں گے لیکن ان کو بھی نہیں بھیجا گیا۔

ایک دوسرے سوال پر جواب دیتے ہوئے ترک صدر ایردوان نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف جنگ کے لیے استنبول میں کمیونیکیشن سنٹر قائم کیا جا رہا ہے، ترکی اور ملائیشیا نے اس منصوبے پر دستخط کر دئیے ہیں۔ پاکستان کی شمولیت کا سوال نہیں۔ جینیوا میں اس بارے وزیراعظم خان سے مکمل بات ہوئی اور یہ عمل جاری ہے۔

ترک صدر ایردوان نے ملائیشیا آنے سے قبل جینوا میں وزیراعظم عمران سے ایک گھنٹہ 40 منٹ بند کمرہ ملاقات کی تھی۔ تاہم عمران خان کو ملائیشیا دورہ پر راضی نہیں کر سکے تھے۔

تبصرے
Loading...