مسئلہ کشمیر پر طلباء کا کردار اہم ہے،ڈاکٹر غلام نبی فائی؛ قونیہ کشمیر ریسرچ گروپ کی تعریف

0 1,376

ورلڈ کشمیر اوئیرنس فورم کے سیکرٹری جنرل اور معروف سکالر ڈاکٹر غلام نبی فائی نے قونیہ میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ انتہائی نازک موڑ پر ہے اور اس وقت اقوام متحدہ سمیت دیگر ممالک اس پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں، ایسے میں پاکستان و کشمیر کے عمائدین اور حکومتوں کو چاہئے کہ وہ دنیا کے مختلف ممالک کا دورہ کر کے ان کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں۔

ڈاکٹر فائی نے کہا کہ بھارت نے مظلوم کشمیریوں کی زندگی کو عملاً اجیرن بنا رکھا ہے اور وادی سمیت دیگر علاقے جیل خانہ کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ بھارت بین الاقوامی فورمز پر جھوٹ کا سہار ا لے رہا ہے اور اس جھوٹ کو عیاں کرنے کے لئے طلباء خاص کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قونیہ میں کشمیر ورکنگ گروپ کا قیام اور اسکی کشمیریوں کے لئے سفارتی سطح پر کوششیں جاری رہنی چاہئیں کیونکہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے علاوہ اگر کہیں سے کشمیریوں کے حق میں کوئی آواز اٹھتی ہے تو وہ سری نگر کے نوجوان کو امید دلاتی ہے۔ پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر دیگر ممالک کی حما یت حاصل کرنے کے لئے اپنی کاوشیں بڑھانا پڑیں گی اور اس حوالے سے طلباء کا اہم کردار ہے۔

اس موقع پر بین الاقوامی تعلقات کے سکالر عمیر پرویز خان کا کہنا تھا کہ ترک قوم اور خصوصاََ طالبعلموں نے جس طرح کشمیر کے حق میں آواز بلند کی ہے وہ یقینا قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کا کردار آنے والے سالوں میں خطہ کے حوالے سے مزید اہم ہونے جا رہا ہے جس کی وجہ سے ترک قوم اور پاکستانی قوم کا رشتہ مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ریاست پاکستان کو کشمیری اپنا پشتی بان سمجھتے ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر آئے ہوئے کشمیر ورکنگ گروپ کے ذمہ داران اور ترک طابعلم جن میں حسن سرکاریا، عزیزہ زہرہ، رکیہ اور اونور خنفی و دیگر کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اس تقریب میں پاکستانی و کشمیری طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں سکالر حارث فرحان بٹ، ڈاکٹر ابراراحمد، ڈاکٹر معیز، الہیات کی سکالر منزہ شہاب، حسیب قمر، شہریار عزیز، شباب عثمانی اور سمیرا قریشی قابل ذکر ہیں۔ تقریب میں مترجم کے فرائض شباب عثمانی نے سر انجام دیئے اور آخر میں عمیر پرویز خان نے ڈاکٹر غلام نبی فائی، ڈاکٹر عبدالرووف سمیت معزز مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

تبصرے
Loading...