بشار الاسد لاکھوں افراد کا قاتل اور دہشت گرد ہے: ایردوان
ترک صدر رجب طیب ایردوان نے شام کے حکمران بشار الاسد کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی موجودگی میں شام میں قیام امن کا کوئی امکان نہیں ہے۔ تونس میں اپنے ہم منصب الباجی قاید السبسی کے ہمراہ اخباری نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔
انہوں نے باور کروایا کہ بشار الاسد طویل عرصے سے ریاستی دہشت گردی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایردوان نے کہا ہے کہ ہم شام کو ایسے حکمران کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے جس نے اپنے ہی لاکھوں شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ شام کے شہری ایسے شخص کو اپنے حکمران نہیں دیکھنا چاہیں گے جس کے ہاتھ لاکھوں افراد کے خون سے رنگے ہوئے ہوں۔
یاد رہے کہ ملک شام مارچ 2011ء سے خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس خانہ جنگی میں اب تک 5 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔