اتاترک کلچرل سینٹر افتتاح کے لیے تیار
استنبول کے مشہورِ زمانہ تقسیم چوک پر اتاترک کلچرل سینٹر (AKM) افتتاح کے لیے تیار ہو چکا ہے۔ 29 اکتوبر کو ملک کے 98 ویں یومِ جمہوریہ پر اس سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا۔
اس سینٹر کا سنگِ بنیاد 10 فروری 2019ء کو صدر رجب طیب ایردوان نے رکھا تھا اور اب یہ مکمل ہو چکا ہے۔ ماہرِ تعمیرات مراد تابانلی اوغلو اس پورے منصوبے کے سربراہ تھے۔
سینٹر کا داخلی حصہ 15,000 خصوصی ہاتھ سے تیار کردہ سرخ سیرامک ٹائلوں سے بنایا گیا ہے۔ اس مرکز کو گرین رُوف سسٹم کے ساتھ بنایا گیا ہے جو باہر کی روشنی کو زیادہ سے زیادہ اندر پہنچا کر ماحول دوست طریقے سے کام کرتا ہے۔
تقسیم اسکوائر پر قائم اتاترک ثقافتی مرکز کے انہدام پر سیکولر ایک بار پھر سیخ پا
نیا AKM ایک بڑا اوپیرا ہال رکھتا ہے جو تقریباً 4,500 مربع میٹرز (48,437 مربع فٹ) پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں 2,040 افراد کی گنجائش ہے۔ ہال کے اسٹیج پر تماشا گاہ 118 افراد کے بڑے آرکیسٹرا کے لیے بھی کافی ہے۔ اسٹیج کا پورا نظام عالمی معیار کا ہے۔ مرکز کے تمام ہالز جدید معیاری صوتی، روشنی اور بصری نظاموں سے لیس ہیں۔
سینٹر میں اسٹیج، بیک اسٹیج روم، ورکشاپس اور ویئر ہاؤس ایریاز، بیلے پریکٹس ہالز، سولواِسٹ اور آرکیسٹرا اسٹڈی رومز، ریکارڈنگ اسٹوڈیوز اور ریہرسل ہالز، آرٹ گیلریز، نمائشی ہالز اور کافی شاپس موجود ہیں۔
اس میں ایک آرٹ گیلری، سینما، ریستوران، چائے خانہ، بُک شاپ کیفے، بچوں کے لیے آرٹ سینٹر، میوزک پلیٹ فارم، کتب خانہ، ڈیزائن شاپ اور مختلف مقاصد کے لیے استعمال ہونے والا ہال بھی ہے۔
نیا AKM یومِ جمہوریہ پر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔