ترکی پاکستان بھائی چارہ تاریخ میں گندھی ہوئی حقیقی اخوّت ہے، صدر طیب ایردوان

0 679

پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ "دنیا میں بہت کم ممالک اور قومیں ایسی ہیں جو ترکی اور پاکستان جیسے برادرانہ تعلقات رکھتی ہیں۔ ترکی اور پاکستان کا بھائی چارہ تاریخ میں گندھی ہوئی اور تاریخی واقعات سے مضبوط ہونے والی ایک حقیقی اخوّت ہے۔”

صدر رجب طیب ایردوان نے، جو ترکی-پاکستان اعلیٰ سطحی تزویراتی تعاون کونسل کے چھٹے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں موجود ہیں، پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔

"بہت کم ممالک اور قومیں ایسی ہیں جو ترکی اور پاکستان جیسے برادرانہ تعلقات رکھتی ہیں”

صدر ایردوان نے کہا کہ "ہم پاکستان میں خود کو اجنبی نہیں پاتے۔ ہم اسلامی دنیا کے اِس زرخیز خطے کو بھی اپنا گھر سمجھتے ہیں۔ دنیا میں بہت کم ممالک اور قومیں ایسی ہیں جو ترکی اور پاکستان جیسے برادرانہ تعلقات رکھتی ہیں۔ ترکی اور پاکستان کا بھائی چارہ تاریخ میں گندھی ہوئی اور تاریخی واقعات سے مضبوط ہونے والی ایک حقیقی اخوّت ہے۔”

ترکی کی جنگِ آزادی میں پاکستانی عوام کے کردار پر صدر ایردوان نے کہا کہ "ہم اپنی جنگِ آزادی کے دوران اپنا پیٹ کاٹ کر ہماری مدد کرنے والے پاکستانی عوام کو نہ کبھی بھولے ہیں اور نہ کبھی بھولیں گے۔ ہم نے علی برادران، محمد علی جوہر اور شوکت علی اور چوہدری برادران کو کبھی فراموش کیا اور نہ کبھی کریں گے کہ جنہوں نے ہماری جنگِ آزادی میں بھائیوں کی طرح شرکت کی اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔”

صدر ایردوان نے زور دیا کہ "ہم اپنے حقیقی بھائی چارے کی ان شاء اللہ ہمیشہ حفاظت کریں گے۔ کیونکہ اس بھائی چارے نے خونی رشتوں سے نہیں بلکہ ایک دوسرے کے لیے محبت سے جنم لیا ہے۔ ہماری دوستی مفادات کی نہیں بلکہ باہمی الفت کی دوستی ہے۔”

تبصرے
Loading...