بھاری طوفانی برفباری کی پیشگوئی پر استنبول کی پروازیں معطل

0 949

ترکش ائیرلائنز اور اس کی ذیلی انادولو جیٹ نے جمعرات کے لیے استنبول جانے والی اور استنبول سے آنے والی اپنی درجنوں فلائٹس معطل کر دی ہیں۔

ترکش ائیرلائن کے پریس آفس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہنگامی کمیٹی کے فیصلے کی بنیاد پر استنبول ائیرپورٹ کے ساتھ ساتھ شہر کے ایشیائی جانب صبیحہ گوکچین ائیرپورٹ سے 205 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ استنبول ہوائی اڈے سے آنے اور جانے والی 185 پروازیں منسوخ کی گئیں، جن میں 114 ملکی جبکہ 71 بین الاقوامی پروازیں شامل ہیں۔ انادولو جیٹ نے صبیحہ گوکچین ہوائی اڈے سے 20 ملکی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

پاکستان کے سیاحتی مقام مری میں برفانی طوفان، 21 سیاح جاں بحق

ترکش ائیر لائن نے اپنے بیان میں مزید منسوخیوں کے امکان بارے میں بھی خبردار کیا ہے جبکہ ترکش ائیرلائنز نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے پہلے، ائیرپورٹ جانے کے بجائے فلائٹ کی تازہ ترین صورتحال کو چیک کریں تاکہ انہیں کسی مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

استنبول نے جنوری میں بھی شدید برف باری اور برفانی طوفانوں کا سامنا کیا تھا جس وقت زمینی زندگی دو دن کے لیے ٹھپ ہو کر رہ گئی تھی اور استنبول ائیرپورٹ کو بند کر دیا گیا تھا۔ اس وجہ سے سینکڑوں مسافر ائیرپورٹ پر پھنس کر رہ گئے تھے۔

تازہ ترین موسم کی پیشین گوئی کے مطابق، بدھ کی شام سے شروع ہونے والی سردی اور طوفانی برفباری کی ایک لہر سائبیریا سے استنبول کا رخ کر رہی ہے۔ برف باری کا یہ سلسلہ کم از کم چار دن تک جاری رہنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ اتنی ہی تیز اور طوفانی ہوگی جتنی امسال جنوری میں تھی جبکہ کچھ ماہرین اسے 1987ء کے بعد استنبول میں آنے والی سب سے بڑی طوفانی برفباری قرار دے رہے ہیں۔ شہری ادارے اس پیش گوئی کے بعد صورتحال سے نبٹنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: