آج ترکی کہیں زیادہ امیدوں اور اعتماد کے ساتھ مستقبل پر نظریں جمائے ہوئے ہے، صدر ایرودان

0 370

نئے سال کے لیے اپنے پیغام میں صدر رجب طیب ایردوان نے 2020ء میں پوری انسانیت کے لیے امن و سلامتی کی خواہش کا اظہار کیا ہے: "آج کا ترکی ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ امید اور اعتماد کے ساتھ مستقبل پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔ وہ جو ترکی کو بدامنی، دہشت گردی، شورش، بحران اور عدم استحکام کے ذریعے دھمکا رہے تھے، اب ہمارے اقدامات کی بدولت مایوس ہو چکے ہیں اور مفاہمت کے خواہش مند ہیں۔ جیسا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ ہماری سب سے بڑی طاقت ہمارا اتحاد و یگانگت ہے۔”

صدر رجب طیب ایردوان نے سالِ نو کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔

"سال 2019ء کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کہ جس میں ہم نے تاریخی اہمیت کے حامل کئی اقدامات اٹھائے، اب ہم 2020ء میں داخل ہونے والے ہیں کہ جس میں کئی اہم پیش رفت متوقع ہیں۔ میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ 2020ء ہمارے ملک، قوم، دوستوں اور پوری انسانیت کے لیے نیک شگون ثابت ہو۔”

"ہم ملک کو عظیم اور طاقتور ترکی بنانے کے لیے شبانہ روز کام کر رہے ہیں”

گزشتہ سے پیوستہ سالوں کی طرح 2019ء میں بھی ہم اندرون و بیرونخ ملک اہم اور سیر حاصل اقدامات اور خدمات میں مصروف رہے۔

اندرونِ ملک 58 صوبوں کے 88 دورے کیے کہ جن میں چند صوبوں کے ایک سے زیادہ دورے شامل ہیں۔ بیرونِ ملک 14 ممالک کے 19 دورے کیے۔ اُن کے علاوہ انقرہ اور استنبول میں کئی تقریبات میں شرکت کی اور ملاقاتیں اور مذاکرے کیے۔

ہماری تمام سرمایہ کاریاں اور خدمات ملک کی ترقی کے سفر میں سنگ ہائے میل ہیں۔ ہم ایک عظیم اور طاقتور ترکی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے شبانہ روز کام کر رہے ہیں۔

31 مارچ کے انتخابات کے ساتھ ہم نے میئرز، بلدیاتی کونسل کے اراکین، صوبائی اسمبلی کے اراکین اور مختاروں کا انتخاب کیا ہے جو اگلے 5 سال تک ہمارے شہروں کا انتظام سنبھالیں گے۔ میں ایک مرتبہ پھر اس خواہش کا اظہار کرتا ہوں کہ انتخابات کے مستقبل میں اچھے نتائج برآمد ہوں۔ بہرحال، اب 2023ء میں اگلے صدارتی و پارلیمانی انتخابات تک ترکی کی کام کرنے کے لیے کئی سال مل گئے ہیں۔

حال ہی میں مکمل ہونے والے استنبول کے ایئرپورٹ نے اپریل کو اوائل میں کام شروع کیا جو دنیا کے بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔ استنبول ایئرپورٹ نے حال ہی میں اپنے 5 کروڑ ویں مسافر کا استقبال کیا ہے اور اگلے سالوں میں یہ مزید آگے جائے گا اور دنیا میں ملک کی فخریہ نمائندگی کرے گا۔

مئی میں ہم نے رمضان کی مبارک ساعتیں گزاری اور تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد کو یکجا کیا۔ اس مہینے کے اختتام پر عدالتی اصلاحات کے لیے تزویراتی دستاویزات کی رونمائی کی اور یوں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے اقدامات اٹھائے۔

اگست میں عید الاضحیٰ کے موقع پر کھولی گئی استنبول-ازمیر شاہراہ ملک میں ٹرانسپورٹ کے اہم ترین منصوبوں میں سے ایک ہے۔

ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کی جانے والی تقریر میں ظاہر کیا کہ ترکی کا رویہ اور تعمیری پالیسی پوری دنیا کے لیے ہے۔

"آپریشن چشمہ امن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے ہمارے عزم کا اظہار کیا”

آپریشن چشمہ امن 9 اکتوبر کو شروع کیا گیا جس نے ترکی کی سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے ہمارے عزم کو ظاہر کیا۔ اس آپریشن کے ذریعے ہم نے راس العین سے تل ابیض کے درمیان 4,300 کلومیٹرز کا علاقہ دہشت گردوں سے خالی کروایا۔

ترکی اور لیبیا کے درمیان سکیورٹی اور عسکری تعاون اور بحری حدود کی حد بندی کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہمارے ملک کے لیے زبردست تزویراتی اہمیت کے حامل ہیں۔ ہم نے نئے منصوبوں سے ترکی کو بحیرۂ روم سے باہر کرنے کے تمام منصوبے خاک میں ملا دیے ہیں ۔ طرابلس میں قائم لیبیا کی قانونی حکومت کے ساتھ ان معاہدوں کا مکمل نفاذ ہوگا۔

2019ء کے آخری ایام میں ہم نے ایسا منصوبہ پیش کیا جو میرے خیال میں ہمارے 82 ملین شہریوں کے لیے باعثِ فخر ہوگا۔ ہم نے ترکی آٹوموبائل پروجیکٹ کی پہلی گاڑی کی رونمائی کی جو ملک کے 60 سال پرانے خواب کی تعبیر ہے۔ ان گاڑیوں کا ڈیزائن اور خصوصیات ظاہر کرتی ہیں کہ ہمارا ملک صحیح سمت میں پیش رفت کر رہا ہے۔ اب ہماری نظریں آگے کی جانب ہیں اور 2022ء میں اسے فروخت کے لیے پیش کرنے پر مرکوز ہیں۔

"ہم لازماً کینال استنبول منصوبے کی تکمیل کریں گے”

اسی طرح ہم مرحلہ وار کینال استنبول پروجیکٹ کو لازماً بنائیں گے جو معاشی و تزویراتی لحاظ سے ملک کے لیے بہت اہم ہوگا۔

"ہماری سب سے بڑی طاقت ہمارا اتحاد و یگانگت ہے”

غازی مصطفیٰ کمال کے الفاظ میں "کوئی دفاعی خط نہیں ہوتا، بلکہ دفاع کے لیے علاقہ ہوتا ہے،” ہم نے اپنے ملک اور قوم کو نشانہ بنانے والے حملوں کے خلاف ہر محاذ پر جنگ چھیڑی۔ ہم اللہ کے فضل، مظلوموں کی دعاؤں اور عوام کی زبردست تائید کی بدولت ہر جنگ سے کامیاب و کامران نکلے۔ ”

آج کا ترکی ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ امید اور اعتماد کے ساتھ مستقبل پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔ وہ جو ترکی کو بدامنی، دہشت گردی، شورش، بحران اور عدم استحکام کے ذریعے دھمکا رہے تھے، اب ہمارے اقدامات کی بدولت مایوس ہو چکے ہیں اور مفاہمت کے خواہش مند ہیں۔ جیسا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ ہماری سب سے بڑی طاقت ہمارا اتحاد و یگانگت ہے۔ اس لیے ہم ہر موقع پر یہی کہتے ہیں کہ ہم ایک رہیں گے، طاقت وَر رہیں گے، بہن اور بھائی رہیں گے اور مل جل کر ترکی کی تعمیر کریں گے۔

2020ء بلاشبہ وہ سال ہوگا جس میں ہم اپنی جدوجہد کے ثمرات پائیں گے۔

اللہ ہمارے شہیدوں پر اپنی رحمتیں نازل کرے کہ جنہوں نے اس عظیم جدوجہد میں موت کو پلک جھپکے بغیر گلے لگایا اور غازیوں کو خیر و فلاح عطا کرے۔ مجھے امید ہے کہ 2020ء کا سال ہمارے ملک، قوم اور پوری انسانیت کے لیے امن، سکون، عافیت اور ترقی لائے گا۔”

تبصرے
Loading...