ٹرمپ نے نیٹو کو مشرقِ وسطیٰ تک وسعت دینے کی تجویز دے دی

0 245

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمجھتے ہیں کہ نیٹو کو توسیع دینی چاہیے اور اس میں مشرق ِوسطیٰ کے ممالک کو شامل کرنا چاہیے۔ یہاں تک کہ انہوں نے اس کے لیے "نیٹومی” کا نام بھی تجویز کر دیا جو نیٹو اور مڈل ایسٹ کا مخفف ہے۔

وائٹ ہاؤس میں ایک صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے داعش کے دہشت گردوں اور مختلف علاقوں پر ان کے قبضے کا خاتمہ کیا اور ان کے رہنما ابو بکر بغدادی کو قتل کیا۔ "ہم نے یورپ پر بڑی مہربانی کی ہے۔ میرے خیال میں نیٹو کو بڑھانا چاہیے اور ہمیں مشرقِ وسطیٰ کو اس میں شامل کرنا چاہیے۔ اس وقت سارا بوجھ ہم پر ہے جو ٹھیک نہیں ہے۔”

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں نیٹو کے مزید دستے دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ وہاں مسائل بین الاقوامی سطح کے ہیں۔ انہوں نے نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینس سٹولٹن برگ کے ساتھ فون رابطے میں نیٹو کے کردار کے حوالے سے بات بھی کی۔
"میرے خیال میں انہیں یہ تجویز اچھی لگی۔ میں نے تو اس کا نام بھی رکھ لیا ہے۔ NATO، جو ابھی ہے، اور پھر اس میں ME یعنی مڈل ایسٹ شامل کر دیں۔ یوں نام ملے گا NATOME۔ ”

تبصرے
Loading...