ترکی، رواں سال کاروں کی فروخت میں مثبت رحجان رکھنے والی واحد یورپی مارکیٹ

0 217

ترکی یورپ کا واحد ملک ہے کہ جہاں رواں سال جنوری سے جون کے دوران کاروں کی فروخت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ سب سے زیادہ فروخت ظاہر کرنے والی مارکیٹوں میں بھی اپنی درجہ بندی کو بہتر بنانے میں کامیاب ہوا ہے۔

ترکی کی آٹوموٹو ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن (ODD) اور یورپین آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (ACEA) کے تیار کردہ ڈیٹا سے بنائی گئی رپورٹ کے مطابق یورپ کی آٹوموٹو مارکیٹ نے جنوری سے جون کے عرصے میں 38.9 فیصد کی کمی ظاہر کی ہے جس میں پچھلے سال کے اسی عرصےمیں 9.83 ملین گاڑیوں کی فروخت کے مقابلے میں 6 ملین گاڑیاں ہی فروخت ہو پائیں۔

یورپی یونین کے تمام ممالک، یورپی فری ٹریڈ ایسوسی ایشن مارکیٹیں اور برطانیہ سب میں سیلز میں کمی آئی۔

مسافر کاروں کی فروخت 39.5 فیصد کم ہوتے ہوئے 5.1 ملین تک پہنچ گئی جو پچھلے سال کے انہی ایام میں تقریباً 8.43 فیصد تھی۔

لائٹ کمرشل گاڑیوں کی فروخت 33.8 فیصد کم ہوتے ہوئے 7,58,166 ہوگئی۔ ان کی تعداد 2019ء میں جنوری سے جون کے دوران 1.14 ملین تھی۔

کروشیا فروخت میں 52.4 فیصد کمی کے ساتھ سب سے زیادہ متاثر ہونے والی مارکیٹ رہا، جس کے بعد اسپین اور پرتگال میں سیلز میں بالترتیب 50 اور 48 فیصد کمی دیکھی گئی۔

یورپ میں گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں ممالک میں جرمنی نے 33.9 فیصد کی کمی دیکھی، فرانس میں فروخت میں 37.3 فیصد کی کمی آئي جبکہ برطانیہ میں 48 فیصد، اٹلی میں 45.1 فیصد اور بیلجیئم میں 29.6 فیصد کا زوال آیا۔

سال بہ سال میں 30.4 فیصد کے اضافے کے ساتھ ترکی واحد مارکیٹ ہے کہ جو سال کے ابتدائی چھ ماہ میں اپنی فروخت بڑھانے میں کامیاب ہوئی۔ جنوری سے جون کے دوران ملک میں 2,61,896 یونٹس فروخت ہوئے جبکہ پچھلے سال کے اسی عرصے میں 2,00,857 یونٹس بیچے گئے تھے۔

جون کے مہینے میں کرونا وائرس لاک ڈاؤن اٹھانے کے باوجود فروخت میں 2019ء کے اسی مہینے کے مقابلے میں 24 فیصد کمی آئی۔ اگر صرف جون کے مہینے کو دیکھا جائے تو ترکی کے علاوہ فرانس ہی واحد مارکیٹ ہے جس نے اپنی فروخت میں اضافہ کیا ہے۔ پچھلے سال جون کے مقابلے میں اِس سال فرانس میں کاروں کی فروخت میں 1.4 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

تبصرے
Loading...