ترکی نے داعش کے سربراہ ابو بکر بغدادی کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا ہے، صدر ایردوان

0 140

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی نے شام میں داعش کے دہشت گرد سربراہ ابو بکر بغدادی کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا ہے۔

گزشتہ ماہ امریکا کی قیادت میں ہونے والے فوجی چھاپے کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ آپریشن کی کامیابی کے بعد واشنگٹن نے فوراً میڈیا مہم چلانا شروع کردی۔ "ہم نے بغدادی کی اہلیہ کو پکڑا، لیکن ہم نے ہنگامہ نہیں کیا۔ اسی طرح ہم نے اس کی بہن اور برادرِ نسبتی کو بھی گرفتار کیا۔ ہم اس سلسلے میں اپنا کام جاری رکھیں گے،” صدر نے کہا۔

قبل ازیں کہا گیا تھا کہ ترک فوجی اہلکاروں نے بغدادی کی بڑی بہن، اس کے شوہر، خواہرِ نسبتی اور پانچ بچوں کو گرفتار کیا ہے۔ 65 سالہ رسمیہ عود کو سوموار کو شمالی شام کے صوبہ حلب کے علاقے اعزاز میں چھاپے کے دوران ایک کنٹینر سے گرفتار کیا گیا کہ جس میں وہ اپنے خاندان کے ساتھ رہتی تھیں۔ یہ علاقہ آپریشن فرات شیلڈ کے بعد سے ترکی کے زیرِ انتظام ہے جو اگست 2016ء میں داعش اور PKK سے تعلق رکھنے والے پیپلزپروٹیکشن یونٹس (YPG) کے خلاف شروع کیا گیا تھا۔

بغدادی پچھلے مہینے شمال مغربی شامی صوبے اِدلب میں ایک امریکی چھاپے میں مارا گیا۔ یہ حملہ دہشت گرد گروپ داعش پر ایک کاری وار تھا کہ جو پے در پے شکست کے بعد شام اور عراق میں اپنے علاقے کھو چکا ہے۔

تبصرے
Loading...