ترکی یورپی یونین سے تعلقات بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہے، صدر ایردوان کی انجیلا مرکل سے گفتگو

0 1,331

ترک صدر رجب طیب ایردوان اور جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل کے درمیان سوموار کی شام ٹیلفونک رابطہ ہوا۔

صدارتی کمپلیکس سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ایردوان نے جرمن چانسلر کو بتایا کہ ترکی "ایک مثبت ایجنڈے کے ساتھ یورپی یونین کے ساتھ تعلقات میں بہتری لانے کے لئے پرعزم ہے” ۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے ترکی اور جرمنی کے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کے نئے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

صدارتی کمپلیکس کے مطابق، صدر ایردوان اور چانسلر مرکل نے علاقائی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

صدر نے مرکل کو بتایا کہ ترکی آنے والے دنوں میں ایسی ملاقاتوں کی توقع رکھتا ہے جو مارچ میں ہونے والے یورپی یونین کے آئندہ سربراہی اجلاس میں اس کی شرکت کا باعث بن سکیں۔

صدر ایردوان نے مزید اس بات کا اعادہ کیا کہ ترکی کے بارے میں یورپی یونین کے تعمیری اور منصفانہ طرز عمل سے دونوں فریقوں کو فائدہ ہوگا جو مہاجرین کے معاہدے کو اپ ڈیٹ کرنے کے لئے بھی ضروری ہے۔

صدرایردوان نے چانسلرمرکل کو یہ بھی بتایا کہ یورپی کونسل میں پرتگال کی مدت صدارت ختم ہونے سے قبل وہ توقع کرتے ہیں کہ ترکی اور یورپی یونین کا ایک اور سربراہی اجلاس ہو گا۔

ترکی اور یورپی یونین کے درمیان 18 مارچ، 2016 کو یورپ جانے والے مہاجرین کی آمد روکنے کے لئے ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔ شام میں خانہ جنگی کے آغاز سے ہی ترکی ایسے پناہ گزینوں کے لئے مرکزی راستہ رہا ہے جو یورپ جانے کی کوشش میں تھے۔ اس معاہدے کے نتیجے میں 99 فیصد اموات میں کمی واقع ہوئی جو سمندر کے غیرقانونی اور غیرمحفوظ راستے سے یورپ جانے کی کوشش کرتے تھے۔

دالالحکومت انقرہ نے بار بار شکایت کی ہے کہ یورپ مہاجرین کی مدد کرنے اور تارکین وطن کی مزید لہروں کو روکنے کے لئے 2016 کے یورپی یونین-ترکی پناہ گزین معاہدے کے تحت اپنے وعدوں پر عمل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: