ترکی کی نظریں مزید سونے کے تمغوں پر، دو خواتین باکسنگ فائنل میں
ترکی خواتین کی باکسنگ میں پہلی بار گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بہت قریب پہنچ گیا ہے کیونکہ اس کی دو باکسرز بوسہ ناز چاکر اوغلو اور بوسہ ناز سرمہ نیلی بدھ کو اپنے سیمی فائنل جیت گئی ہیں۔
یورپی چیمپئن چاکر اوغلو نے تائیوان کی ہوانگ سیاؤ-وین کا زبردست مقابلہ کیا اور اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت اُن کے وار ناکام بنائے اور بالآخر اپنے مکوں سے میدان مار لیا۔
اب فلائی ویٹ میں گولڈ میڈل کے لیے 35 سالہ چاکر اوغلو کا مقابلہ بلغاریہ کی ستوئیکا زیلیازکووا کراستوا ہفتہ 7 اگست کو ہوگا۔
چاکر اوغلو نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں اور اب اپنی پوری توجہ فائنل پر رکھنا چاہتی ہوں کیونکہ ہم سب کے یہاں آنے کا ایک ہی مقصد ہے، سونے کا تمغہ جیتنا اور یہ مشن ابھی مکمل نہیں ہوا۔
دوسری جانب سرمہ نیلی نے سیمی فائنل میں بھارت کی لولینا بوروگین کو شکست دی۔ اب ہفتہ کو ویلٹر ویٹ میں ان کا مقابلہ چین کی گو ہونگ سے ہوگا ، جو ایک زبردست سیمی فائنل مقابلے کے بعد امریکا کی اوشائی جونز کو شکست دے کر آئی ہیں۔
ان مقابلوں کے دوران ترکی کے وزیر برائے نوجوانان و کھیل محمد محرم قصاب اوغلو، نائب وزیر حمزہ یرلکایا اور ترک اولمپک کمیٹی کے چیئرپرسن اوغو اردینر بھی اسٹینڈز میں موجود تھے۔