ترکی اپنے تمام مسائل سے نبرد آزما ہونے کی طاقت، قابلیت اور عزم رکھتا ہے، رجب طیب ایردوان

0 194

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ "ترکی اپنی طویل تاریخ، حکومت کے طویل تجربے اور جمہوریہ کی حیثیت سے تقریباً ایک صدی کے ساتھ، اپنے تمام مسائل سے نبرد آزما ہونے کی طاقت، قابلیت اور عزم رکھتا ہے،” جمہوریہ کے اعلان کے 96 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا۔

صدر رجب طیب ایردوان نے جمہوریہ ترکی کے قیام کے 96 سال مکمل ہونے پر ایک پیغام جاری کیا۔ اس پیغام میں صدر نے کہا کہ:

"میں یومِ جمہوریہ پر تمام شہریوں کو مبارک باد دینا چاہوں گا، جو ملک کے 81 صوبوں میں اور بیرونِ ملک رہتے ہیں۔ میں تمام دوستوں کا شکر گزار ہوں جو تاریخ کے اس اہم سنگِ میل کے جشن میں ہمارے ساتھ ہیں۔ اعلانِ جمہوریہ کے 96 سال کی تکمیل مبارک ہو!”

"قوم کی مدد سے ہم نے ایک ایک کرکے اپنے خلاف بچھائے گئے سارے جال کاٹ ڈالے”

"میں اپنے تمام ہیروز کو یاد کروں گا، بالخصوص غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کو کہ جنہوں نے جنِ آزادی میں فتح حاصل کی اور صدیوں پرانے عظیم ماضی پر ایک نئی ریاست کی بنیاد رکھی۔ ترکی ایک ایسا ملک ہے جس نے شروع سے لے کر آخر تک قومی اسمبلی کے ذریعے آزادی کی جدوجہد برقرار رکھی، جو قومی ارادے کی نمائندگی کرتی ہے۔ میں ملک کی ترقی، استحکام اور آگے کی جانب سفر کے لیے کام کرنے پر اب تک بننے والے قومی اسمبلی کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ جو اگلے سال اپنے 100 سال مکمل کرے گی۔ اللہ شہداء کی مغفرت کرے کہ جنہوں نے اپنی جان کی قیمت ادا کی جس کی بدولت ہم دنیا کے پسندیدہ اور متنازع ترین جغرافیائی خطے میں ایک ہزار سال سے رہ رہے ہیں،” پیغام میں کہا گیا۔

"بحیثیتِ قوم اور بحیثیتِ ریاست، حالیہ چند سالوں میں ہمیں اپنی بقاء اور مستقبل کے تحفظ کے لیے تاریخی جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تمام واقعات جن کا ہم نے سامنا کیا جیسا کہ دہشت گرد تنظیموں کے حملے، 15 جولائی کی ناکام بغاوت اور دیگر تاریخی جدوجہد کا انکشاف کرتے ہیں۔ آپریشن فرات شیلڈ، آپریشن شاخِ زیتون اور آپریشن چشمہ امن، جو ہم نے شام میں کیے، بھی اس جدوجہد کا حصہ ہیں۔ ہم اپنی جنگِ آزادی جیسی جدوجہد کا سامنا کر رہے ہیں جو ایک صدی پہلے شروع ہوئی تھی اور نئی جمہوریہ کے قیام پر منتج ہوئی، بس تصورات الگ ہیں اور طریقِ کار بھی۔ ہماری قومی وحدت اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کے لیے تیار کی گئی تمام سازشیں اور شرارتیں نمایاں ہوگئی ہیں۔ ہماری سرحدیں کی حفاظت، ہماری معیشت اور ایسے ہی دیگر اہم معاملات کثیر پہلو حملوں کی زد میں ہے جو ہماری سالمیت کو نشانہ بناتے ہیں اور بدستور جاری ہیں،” صدرایردوان نے کہا۔

اپنے پیغام میں صدر ایردوان نے زور دیا کہ: "ترکی اپنی طویل تاریخ، حکومت کے طویل تجربے اور جمہوریہ کی حیثیت سے تقریباً ایک صدی کے ساتھ، اپنے تمام مسائل سے نبرد آزما ہونے کی طاقت، قابلیت اور عزم رکھتا ہے۔ اللہ کی مدد سے، قوم کی سپورٹ سے ہم نے اپنے خلاف بچھائے گئے تمام جال ایک، ایک کرکے کاٹ ڈالے ہیں۔”

"میرا خلوصِ دل سے ماننا ہے کہ ہم اس اہم مرحلے کو بھی کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیں گے، اپنے بزرگوں کے وژن کے ساتھ کہ جنہوں نے ورثے میں ہمارے لیے یہ جمہوریہ چھوڑی۔ ملک کو 2023ء کے اہداف کے قریب لا کر ہم اگلی نسلوں کو موقع دیں گے کہ وہ 2053ء اور 2071ء کے وژن مکمل کریں۔”

صدر ایردوان نے پیغام کا اختتام ان الفاظ میں کیا: "امید ہے کہ ہم اپنی جمہوریت کو مزید مضبوط اور زیادہ خوشحال انداز میں آگے لے جائیں گے۔ اللہ ہم پر اپنا رحم و کرم فرمائے۔ ان احساسات کے ساتھ میں ایک مرتبہ پھر اعلانِ جمہوریہ کے 96 سال مکمل ہونے کی مبارک باد دینا چاہوں گا۔”

تبصرے
Loading...