ترکی تمام شہریوں کی ضروریات پوری کرنے کی طاقت رکھتا ہے، صدر ایردوان

0 184

صدارتی کابینہ کے اجلاس کے بعد تبصرہ کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ "جس طرح ترکی ہر طرح کے حالات میں اپنے تمام شہریوں کی جانوں اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنانے کی طاقت کا حامل ہے، بالکل ویسے ہی وہ سب کی صحت، خوراک اور حفظانِ صحت کی ضروریات پوری کرنے کی قوت بھی رکھتا ہے۔”

صدر رجب طیب ایردوان نے وڈیو کانفرنس کے ذریعے ہونے والے صدارتی کابینہ کے اجلاس کے بعد گفتگو کی۔

"ترکی کروناوائرس کی عالمگیر وباء کے خلاف اپنی جدوجہد پورے عزم کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے”

یہ کہتے ہوئے کہ ترکی کروناوائرس کی عالمگیر وباء کے خلاف اپنی جدوجہد پورے عزم کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے، صدر ایردوان نے کہا کہ وہ اس وباء کے مختلف شعبوں پر پڑنے والے اثرات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، خاص طور پر صحتِ عامہ، خوراک اور سکیورٹی کے معاملات میں۔ اس دوران بین الاقوامی برادری کی جانب سے ترکی کو سراہنے پر توجہ دلاتے ہوئے صدر ایردوان نے زور دیا کہ ترکی کے صحتِ عامہ کے ادارے تشخیص، علاج اور انتہائی نگہداشت کے یونٹس کے معاملے میں اس وباء سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

"ترکی کروناوائرس کی عالمگیر وباء سے نمٹنے کے لیے ایک مثال ہے”

اس عالمگیر وباء کو قابو میں لانے کے لیے ترکی کی "اہم پیش رفت” کا ذکر کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ ترکی، اپنے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت، ان چند ممالک میں سے ایک ہے کہ جنہوں نے ممکنہ حد تک اس وباء پر فوری قابو پایا ہے۔ صدر نے مزید کہا کہ "درحقیقت، بین الاقوامی انجمنیں، خاص طور پر عالمی ادارۂ صحت، نے ظاہر کیا کہ ترکی کروناوائرس کی عالمگیر وباء سے نمٹنے کے لیے ایک مثال ہے۔”

"ہم نے آمدنی سے محروم ہو جانے والے اپنے شہریوں کی دیکھ بھال کے لیے تمام اقدامات اٹھائے”

صدر ایردوان نے کہا کہ "میری عظیم قوم، میں اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ جس طرح جس طرح ترکی ہر طرح کے حالات میں اپنے تمام شہریوں کی جانوں اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنانے کی طاقت کا حامل ہے، بالکل ویسے ہی وہ سب کی صحت، خوراک اور حفظانِ صحت کی ضروریات پوری کرنے کی قوت بھی رکھتا ہے۔ ہم نے روزگار کو بچانے، آمدنی سے محروم ہو جانے والے اپنے شہریوں کی دیکھ بھال، ریٹائرڈ شہریوں کی مدد، تاجروں اور کاریگروں کو سہارا دینے اور پیداوار کو بڑھانے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے ہیں۔”

تبصرے
Loading...