رہنے اور کام کرنے کے لیے ترکی بہترین ممالک میں 7 ویں نمبر پر

0 1,728

رہنے اور کام کرنے کے لیے بہترین ممالک کی تلاش کے لیے HSBC گروپ کے سروے میں ترکی نے ساتواں مقام حاصل کیا ہے۔ Expat Explorer سروے کہتا ہے کہ جرمنی، متحدہ عرب امارات اور ویت نام سے آگے رہتے ہوئے ترکی غیر ملکیوں کے لیے اچھا ماحول فراہم کرتا ہے۔ 163 ممالک کے 18,000 سے زیادہ تارکینِ وطن کی آراء پر مبنی یہ سروے ظاہر کرتا ہے کہ ترکی پچھلے سال کے مقابلے میں 22 درجے پھلانگتے ہوئے ساتویں نمبر پر آیا ہے۔ سروے کا 12 واں سالانہ ایڈیشن معیارِ زندگی، کام اور زندگی کا توازن، مالیاتی آمدنی اور اہلِ خانہ کے لیے زندگی کا جائزہ لیتا ہے۔ اسے تارکینِ وطن کے لیےجامع ترین سرویز میں شمار کیا جاتا ہے۔

باسٹھ فیصد افراد نے کہا کہ ترکی میں ان کا معیارِ زندگی ان کے اپنے ملکوں کے مقابلے میں بہتر ہے۔ سروے میں حصہ لینے والے آدھے سے زیادہ افراد نے کہا کہ ترکی میں رہتے ہوئے ان کے پاس اپنے مشاغل اور اہلِ خانہ کے لیے زیادہ وقت ہے جبکہ 55 فیصد نے کہا کہ وہ ترکی میں خود کو محفوظ سمجھتے ہیں اور مقامی افراد دوستانہ رویہ رکھتے ہیں۔ حصہ لینے والے بیشتر افراد نے کہا کہ ترکی میں کام اور زندگی کا توازن ان کے اپنے ملکوں کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے۔ انسٹھ فیصد نے کہا کہ وہ ترکی میں رہتے ہوئے زیادہ سفر کرنے کے قابل ہوگئے ہیں اور 57 فیصد نے کہا کہ انہیں غوطہ خوری، کھانے پکانے اور نئی زبان سیکھنے جیسی نئی صلاحیتیں حاصل کرنے کا وقت ملا ہے۔ ان کی اکثریت نے کہا کہ وہ ثقافتی و تاریخی لحاظ سے مالامال شہروں میں رہتے ہیں کہ جہاں یادگار عمارات اور باغات ہیں۔ زیادہ تر لوگ مرکزی مقامات پر رہتے ہیں کہ جہاں سفر کے لیے زیادہ انتخابات ہیں، اور 59 فیصد نے کہا کہ وہ زبردست ثقافتی زندگی رکھنے والے شہروں میں مقیم ہیں۔ نصف سے زیادہ نے کہا کہ وہ ترکی میں اچھے کھانوں کا لطف اٹھاتے ہیں۔

HSBC کی رپورٹ کے ساتھ موجود رپورٹ کہتی ہے کہ ایشیا اور یورپ میں پھیلا ہوا ترکی “تارکین وطن کے لیے زبردست کشش رکھتا ہے، بالخصوص کاروباری افراد کے لیے جو اس کی ابھرتی ہوئی معیشت کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔”

"اپنے شفاف آسمانوں اورکم خرچ زندگی کی وجہ سے یہ ملک ریٹائرمنٹ کے لیے بہترین مقام بھی ہے اور مشرقی اور مغربی روایات کے بہترین ملاپ کے ساتھ سب کے لیے کچھ نہ کچھ ثقافتی اہمیت رکھتا ہے۔” ثقافت، کھلے دماغ اور خیر مقدم کرنے والے افراد کے ساتھ ترکی درجہ بندی میں پیش پیش ہے اور منتقلی میں آسانی کی وجہ سے بہترین انتخاب ہے۔

"خوشی کے لیے تیار ہو جائیں۔ ترک عوام ان لوگوں میں سب سے زیادہ دوستانہ مزاج رکھتے ہیں کہ جن سے میں ملا ہوں،” سروے میں جواب دینے والے ایک شخص نے کہا۔ "اچھی فطرت اور عوام کی مہمان نوازی کی روایت کو قبول کریں اور ہر مہینے ترک زبان کے کچھ نئے جملے سیکھنے کی کوشش کریں،” ایک اور جواب دینے والے نے کہا۔ اس کے باوجود سروے ظاہر کرتا ہے کہ تارکینِ وطن کو ثقافتی فرق کو سمجھنے میں وقت لگتا ہے اور انہوں نے زبان کی رکاوٹ اور "چند ترکوں کا پریشان کن روایتی طرزِ فکر” تارکینِ وطن کے لیے چیلنجز ہیں، لیکن یہ بھی کہا گیا کہ وہ "زبردست ترک کھانوں، گرم موسم اور دوستانہ مزاج رکھنے والے مقامی افراد” کی مدد سے "جلد ہی” مقامی ماحول سے مطابقت اختیار کر سکتے ہیں۔ "سروے میں شامل تارکینِ وطن کے ایک گائیڈ کہتے ہیں کہ ملک رہنے کے لیے پرکشش مقام ہے اور تعمیرات میں آنے والی حالیہ پیشرفت کا مطلب ہے کہ کرائے پر رہنے یا خریدنے کے لیے کافی املاک موجود ہیں، جبکہ یورپ کے دیگر معروف مقامات کے مقابلے میں روزمرہ اخراجات کم ہیں۔

تبصرے
Loading...