ترکی نے عرب لیگ کے ‘بےبنیاد فیصلوں’ کو مسترد کر دیا
ترکی نے جمعہ کے روز عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں ترکی کے خلاف "بے بنیاد” فیصلوں کو مسترد کردیا۔
وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی کو نشانہ بنانے والے فیصلے عرب ممالک کے "دوستانہ اور بھائی چارگی” سے بھرپور عوام سے ہم آہنگ نہیں ہیں، بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بلاک کے کچھ ارکان "اپنی تباہ کن سرگرمیوں کو چھپانے کے لئے” ترکی پر اس طرح کے الزامات لگاتے آئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے، "یہ دیکھا جاتا ہے کہ عرب لیگ کے کچھ ممبران نے ایسے فیصلوں کی مخالفت کی، لیکن ممبر ممالک کے مابین شفاف بحث کیے بغیر مختلف حلقوں کی جانب سے ان فیصلوں کو مسلط کر دیا گیا ہے۔”
بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی ان ممالک میں شامل ہے جو اپنے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کی بحالی کے لئے سب سے بڑی کوشش کر رہا ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا، "عرب ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ اور ان کی سیاسی اکائیوں کا قیام، خطے میں ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔”
ترکی نے عرب لیگ کے ممالک پر بھی زور دیا کہ ہمیں بے بنیاد الزامات کا نشانہ بنانے کی بجائے وہ عرب عوام کے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کو ترجیح دیں اور خطے میں سلامتی اور استحکام کے قیام کے لئے تعمیری کوششیں کریں۔
عرب وزرائے خارجہ نے بدھ کے روز مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اجلاس کیا اور مصری سفارتکار ابوالغیط کو دوبارہ قاہرہ میں قائم عرب لیگ کا سکریٹری جنرل مقرر کیا۔
وہ عرب دنیا میں بڑے اثر و رسوخ کی حامل دو علاقائی طاقتوں ترکی اور ایران کے خلاف آواز بلند کرتا رہے ہیں۔
عرب نیوز کی خبر کے مطابق، اجلاس میں غیط نے کہا کہ قفقاز اور بحیرہ روم کے خطوں میں ترکی کے کردار کا انجام اچھا نہیں ہوگا”۔
انہوں نے کہا، "ترکی کو علاقائی اور سپر پاور پارٹیوں کے ساتھ ایک حد تک ٹکراؤ کا سامنا ہے جو اس کی قیادت کے لئے اچھا نہیں ہوگا۔”
غیط کا بیان اسی دن سامنے آیا تھا جب ترکی نے کہا کہ وہ دوطرفہ تعلقات کی شرط پر مشرقی بحیرہ روم میں مصر کے ساتھ سمندری حد بندی کے معاہدے پر بات چیت کرسکتا ہے ۔
انقرہ میں ترکی کے وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا، "ہم یقین کرتے ہیں کہ مصر، یونان کے ساتھ خصوصی اقتصادی زون (ای ای زیڈ) معاہدے میں مشرقی بحیرہ روم کے اندر ترکی کے کانٹینینٹل شیلف کا احترام کرے گا۔”