ترکی کی برآمدات نئی بلندیوں پر، تاریخ میں اگست کا بہترین مہینہ
ترک برآمد کنندگان (ایکسپورٹرز) نے تاریخ کا بہترین اگست دیکھا ہے اور ملک کی 12 ماہ کی غیر ملکی فروخت بھی نئی بلندیوں کو پہنچ چکی ہے۔ وزیر تجارت محمد موش کے مطابق گزشتہ ماہ ترکی کی برآمدات 52 فیصد اضافے کے ساتھ 18.9 ارب ڈالرز تک پہنچی ہیں۔
گزشتہ سال موسم بہار میں کووِڈ-19 کی وبا پھوٹنے کے بعد انقرہ کی عالمی تجارت بُری طرح متاثر ہوئی تھی لیکن اب وزیر تجارت نے دارالحکومت انقرہ میں بتایا ہے کہ برآمدات میں زبردست تحریک کی بدولت ہم نے وبا سے پہلے کے حالات کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اگر اگست 2021ء کے اعداد و شمار کا تقابل اگست 2019ء سے کیا جائے تو اس کے مقابلے میں 43 فیصد کا اضافہ نظر آتا ہے۔
اگست 2021ء میں درآمدات میں بھی سالانہ بنیادوں پر 23.8 فیصد کا اضافہ دیکھنے کو ملا، جو 23.2 ارب ڈالرز رہیں جبکہ درآمدات کے مقابلے میں برآمدات کا تناسب 15.1 پوائنٹس بڑھتے ہوئے 81.5 فیصد ہو گیا ہے۔ موش کے مطابق ملک کا تجارتی خسارہ سالانہ بنیادوں پر 31.7 فیصد کم ہوتے ہوئے 4.3 ارب ڈالرز ہو چکا ہے۔
وزیر تجارت نے بتایا کہ جولائی میں 200 ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کرنے کے بعد اب ایک 12 ماہ میں ملکی برآمدات 207.5 ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہیں۔ پھر جنوری سے لے کر اگست تک رواں سال کے ابتدائی 8 ماہ میں برآمدات میں بھی 37 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو 140.2 ارب ڈالرز ہے۔ اِن 8 مہینوں میں درآمدات کے مقابلے میں برآمدات بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.9 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 82.5 فیصد ہو چکی ہیں۔
رواں سال ہماری برآمدات 200 ارب ڈالرز سے تجاوز کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کریں گی، صدر ایردوان
اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ 25 شعبوں نے اپنی برآمدات کو بہتر بنایا ہے۔ آٹوموٹو شعبہ 2.4 ارب ڈالرز کے ساتھ نمایاں مقام پر ہے، جس کی فروخت میں 57 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ صنعت نے ایک سال میں اپنی برآمدات میں 876 ملین ڈالرز کا اضافہ کیا ہے۔
پھر فولاد کی صنعت کی بہترین کارکردگی ہے کہ جس نے اپنی فروخت میں 1.4 ارب ڈالرز کا اضافہ کیا۔ برآمدات 165 فیصد اضافے کے ساتھ اب 2.3 ارب ڈالرز تک پہنچیں۔
پھر کیمیکل سیکٹر ہے جو سالانہ بنیادوں پر 49 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب ڈالرز سے آگے نکل چکا ہے۔ صنعتی برآمدات ایک سال میں 674 ملین ڈالرز بڑھیں۔
ترکی نے 20 ممالک کو برآمدات میں اپنی بہترین ماہانہ کارکردگی بھی دکھائی ہے، جن میں اسپین، بیلجیئم، مراکش اور اسرائیل بھی شامل ہیں۔
ترکی کی نظریں 10 بڑی عالمی معیشتوں میں جگہ پانا ہے، صدر ایردوان
جرمنی سالانہ بنیادوں پر 30.3 فیصد اضافے کے ساتھ 1.6 ارب ڈالرز سے پیش پیش ہے، جس کے بعد امریکا کے لیے برآمدات ہیں جو 77.4 فیصد اضافے کے ساتھ 1.3 ارب ڈالرز اور برطانیہ کے لیے 21 فیصد اضافے کے ساتھ 1.2 ارب ڈالرز رہیں۔ یورپی یونین کے لیے فروخت 51 فیصد بڑھتے ہوئے 7.8ارب ڈالرز تک جا پہنچی ہے۔
ترکش ایکسپورٹرز اسمبلی (TIM) کے سربراہ اسماعیل گلہ نے کہا کہ اگست کی کارکردگی نے ثابت کیا ہے کہ ترکی برآمدات میں ایک نئی منزل کو پہنچ چکا ہے۔ ہمارا ہدف پانچ سال میں 300 ارب ڈالرز تک پہنچنا تھا لیکن برآمدی ادارے گزشتہ 12 میں سے 10 میں یہ ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔
ترکی کی نظریں اب سالانہ تقریباً 210 ارب ڈالرز کی برآمدات پر ہیں جو 2021ء کے اختتام کے لیے 184 ارب ڈالرز کے ہدف بلکہ 2022ء کے لیے مقررہ کردہ 198 ارب ڈالرز کے ہدف سے کہیں زیادہ ہے۔