ترکی میں کروناوائرس سے پہلی موت کی تصدیق، مریضوں کی تعداد بھی 98 تک پہنچ گئی

0 146

وزیر صحت فخر الدین کوجا کے اعلان کے مطابق 51 نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد ترکی میں کروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 98 تک پہنچ گئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ملک میں کرونا وائرس کے ہاتھوں پہلی موت کی تصدیق بھی کر دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ "متوفی ایک چینی ملازم سے اس مرض کا شکار ہوا تھا۔”

وزیر نے پہلے اعلان کیا تھا کہ ترکی مزید نو ممالک سے پروازیں بند کر رہا ہے جس کا آغاز منگل سے ہوا ہے جس کے ساتھ ہی پابندی کے شکار ممالک کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔

انقرہ کی جانب سے اس وباء کو روکنے کے لیے اقدامات میں اضافے کے ساتھ وزارت داخلہ نے ملک بھر میں سماجی میل جول پر پابندی عائد کر دی ہے جن میں کیفے، سینما، جم اور شادی ہالز پر پابندی شامل ہے۔ وزارت پہلے ہی تمام شراب خانوں، ڈسکو اور نائٹ کلب بند کروا چکی ہے۔

ملک کی اعلیٰ ترین مذہبی اتھارٹی صدارتِ مذہبی امور (دیانت) نے عبادت کے لیے اجتماعات پر پابندی کا اعلان کیا ہے کہ جس میں جمعے کی نمازیں بھی شامل ہیں، البتہ مساجد روزمرہ نمازوں کے لیے کھلی رہیں گی۔

حکومت نے پہلے دو ہفتوں کے لیے اسکول بند کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ جامعات 16 مارچ سے تین ہفتے کے لیے بند ہیں۔

تبصرے
Loading...