ترکی اور روس کا مقامی کرنسی میں تجارت کرنے پر اتفاق، معاہدے پر دستخط کردیے

0 377

وزیر خزانہ و مالیات بیرات البیراک اور ان کے روسی ہم منصب انتون سلوانوف نے دونوں ملکوں کے درمیان ادائیگی اور تصفیہ کے لیے قومی کرنسیوں کے استعمال کے معاہدے پر دستخط کردیے۔

وزارت کے مطابق معاہدہ، جس پر 4 اکتوبر کو دستخط ہوئے تھے، باہمی معاملات کے لیے روبل اور لیرا کے استعمال کی جانب مرحلہ وار منتقلی کا ہدف رکھتا ہے۔

اس معاہدے کے تحت دونوں کرنسیوں کے لیے کمرشل اداروں کی طلب بڑھائی جائے گی اور ایک مناسب مالیاتی ڈھانچہ قائم کیا جائے گا۔

معاہدہ ترک بینکوں اور اداروں کو سوئفٹ پیمنٹ سسٹم کے روسی ورژن کے ساتھ منسلک کرنے پر غور کرتا ہے، جبکہ ترکی میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا رہا ہے جو اسے روس کے میر کارڈز استعمال کرنے کی اجازت دے گا، جسے ماسکو نے ماسٹر کارڈ اور ویزا کے مقابلے پر بنایا ہے۔

یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان مناسب تجارتی و اقتصادی تعاون کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

ترکی کا ایش بینک ملک کا وہ پہلا بینک بنا کہ جس نے اپریل میں اپنے تمام اے ٹی ایمز اور رکن کاروباری اداروں میں میر قبول کرنے کا آغاز کیا۔ یوں ترکی روسی نہ بولنے والے ممالک میں وہ پہلا ملک بنا کہ جس نے میر کارڈز کا استعمال شروع کیا۔ اندازہ ہے کہ سب سے بڑا پرائیوٹ بینک، ایش، اندازاً 10,000 سے زیادہ کامرس پوائنٹس، 4,00,000 سے زیادہ کاروباروں اور 6,500 سے زیادہ اے ٹی ایمز پر 56 ملین میر کارڈز کو سنبھالے گا۔

حکومت کے خلاف پابندیوں کی وجہ سے ویزا اور ماسٹر کارڈ کی جانب سے چند روسی بینکوں کی ادائیگی روکنے کے بعد 2014ء میں برقی ادائیگیوں کو ممکنہ طور پر بلاک کرنے کی وجہ سے 2014ء میں میر کارڈز متعارف کروائے گئے۔

تجارتی سودوں میں مقامی کرنسیوں کے استعمال کا معاملہ ترکی اور روس کے مابین مذاکرات میں کئی بار زیر بحث آیا۔ صدر رجب طیب ایردوان اور روسی ہم منصب ولادیمر پوتن نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں قومی کرنسیوں کے وسیع تر استعمال پر گفتگو کی اور اس کی حمایت بھی کی۔

ترک ادارہ شماریات (TurkStat) کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت سال کے پہلے آٹھ مہینوں میں 17.04 ارب ڈالرز رہی۔ ترکی کی روس کو فروخت کا حجم تقریباً 2.38 ارب ڈالرز ہے جبکہ درآمدات 14.66 ارب ڈالرز کی ہیں۔

ترکی اور روس باہمی تجارت کے حجم کو 100 ارب ڈالرز تک پہنچانا چاہتے ہیں، یہ ہدف دونوں رہنماؤں نے طے کیا ہے۔
یہ تجارتی حجم 2018ء میں 25.7 ارب ڈالرز تھا۔ ترکی کی روس کو کی جانے والی برآمدات 3.4 ارب ڈالرز رہیں جبکہ درآمدات 22.3 ارب ڈالرز تک پہنچیں۔

تبصرے
Loading...