ترکی بحیرۂ روم کے تیل و گیس ذخائر پر ڈاکا ڈالنے کے خلاف مزاحمت کرے گا، وزیر توانائی

0 280

ترکی مشرقی بحیرۂ روم میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے اپنی سرگرمیاں تیز کرکے اپنےحقوق اور مفادات کے تحفظ کا عملی مظاہرہ کر رہا ہے۔ اس کا ڈرلنگ بحری جہاز یاوُز جلد ہی بحیرۂ روم میں تیل و گیس کی ڈرلنگ کا آغاز کردے گا کہ جس کا اعلان توانائی و قدرتی وسائل کے وزیر فاتح دونمیز نے گزشتہ روز انطالیہ میں 10 ویں ترکی انرجی سمٹ سے خطاب کے دوران کیا۔ بحری جہاز ڈرلنگ کے نئے مرحلے کے آغاز کے لیے گوزل یُرت-1 نامی مقام پر پہنچ چکا ہے۔ ترکی ترک جمہوریہ شمالی قبرص (TRNC) اور ترک قبرصی باشندوں کے حقوق کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے کہ وہ اپنے جزیرے کے گرد موجود قدرتی وسائل کا فائدہ اٹھائیں۔

"ہم مشرقی بحیرۂ روم میں اُن کے حق پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے،” دونمیز نے جزیرے کے قریب یونانی قبرص کی ڈرلنگ کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا۔۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکی اپنا حق حاصل کرے گا اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔

تیل و گیس کی تلاش کا یہ منصوبہ ترکی کی خود انحصاری کی مثال ہے کہ جس نے مشرقی بحیرۂ روم میں موجود ڈرل شپس کو مقامی ٹیکنالوجی اورترکی انجینئرز سے لیس کیا ہے۔ خود انحصاری کا یہ عمل ملک کے دیگر گیس منصوبوں تک بھی پھیلایا گیا ہے۔

ترک قبرص کے وزیر توانائی و معیشت حسن تاچوئے نے بھی کہا کہ TNRC خطے میں موجود اپنے قدرتی وسائل کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور ان سے ہرگز غفلت نہیں برتی جائے گی۔

تاچوئے نے وضاحت کی کہ یونانی قبرص کی انتظامیہ نے خبردار کرنے کے باوجود ان مختلف علاقوں کے لیے بین الاقوامی اداروں کو تیل و گیس کی تلاش کے لائسنس جاری کیے کہ جن پر ترک قبرص کا بھی حق ہے۔ "اس کی تازہ ترین مثال ان (یونانی قبرص) کی جانب سے ساتویں بلاک کے لیے لائسنس جاری کرنا ہے،” تاچوئے نے کہا۔”TNRC نے ایسی کسی بھی سرگرمی سے کشیدگی میں ممکنہ اضافے کی تنبیہ کی خبردار کیا کہ یہ جزیرہ محض اُن کا نہیں ہے۔

ستمبر میں یونانی قبرص کی انتظامیہ نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے فرانسیسی کمپنی ٹوٹل اور اطالوی کمپنی ENI کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کیے۔ ترکی وزارت خارجہ نے ان معاہدوں کی سختی سے مذمت کی۔

یونانی قبرص نے یک طرفہ طور پر مشرقی بحیرۂ روم میں 13 نام نہاد مقامات کا اعلان کیا کہ جنہیں خصوصی اقتصادی زون (EEZ) قرار دیا اور بین الاقوامی تیل اور ڈرلنگ کمپنیوں کو ان علاقوں میں کام کرنے کی اجازت دی جو ممکنہ طور پر تیل و گیس کی دولت سے مالامال ہیں۔

البتہ ان میں سے بیشتر TNRC کے اعلان کردہ EEZ سے متصادم ہیں، کیونکہ یونانی قبرص کی انتظامیہ جزیرے کے وسائل میں TRNC کے بنیادی حصے کو نظر انداز کر رہی ہے۔ ترکی نے بارہا یونانی قبرص کی انتظامیہ کی مشرقی بحیرۂ روم میں یک طرفہ ڈرلنگ پر اعتراض کیا اور زور دیا ہے کہ ترک جمہوریہ شمالی قبرص بھی اس علاقے کے وسائل پر حق رکھتا ہے۔ یونانی قبرص کی جانب سے یک طرفہ طور پر اعلان کردہ EEZ ترکی کے حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے، خاص طور پر بلاک 1، 4، 5، 6 اور 7 میں۔

دوسرے مشن سے پہلے یاوُز بحری جہاز نے TRNC کی خلیج فاماگستا کے علاقے کارپاز-1 میں کام کیا۔

ترکی جو TRNC کی ضامن ریاست کی حیثیت سے مشرقی بحیرۂ روم میں موجود وسائل پر اس کے حق کی حمایت کرتا ہے اور اس وقت اپنے ڈرلنگ بحری جہازوں فاتح اور یاوُز کے ذریعے تیل و گیس کی تلاش کا کام کر رہا ہے۔

تبصرے
Loading...