اسکی شہر میں پہلے لیتھیم پروڈکشن پلانٹ کا آغاز
ترکی کے وسطی صوبے اسکی شہر میں زیر تعمیر پلانٹ ملک میں پہلی بار لیتھیم کی پیداوار کے آغاز کے لیے تیار ہے۔
وزیر توانائی و قدرتی وسائل فاتح دونمیز نے کہا ہے کہ ہم اس پلانٹ کے ذریعے پہلی بار لیتھیم کی پیداوار شروع کریں گے۔
لیتھیم سیل اور بیٹری ٹیکنالوجی میں استعمال ہوتا ہے۔ ترکی سالانہ 10 ٹن کی چھوٹے پیمانے پر پیداوار سے آغاز کرے گا، البتہ اگلے دو سے تین سال میں یہ پیداوار تقریباً 500 ٹن تک جا پہنچے گی۔
ترکی سال بھر میں تقریباً 1200 ٹن لیتھیم درآمد کرتا ہے اور اس کارخانے سے مقامی پیداوار میں اضافہ بھی ہوگا اور درآمدات میں بھی کمی آئے گی۔
بعد ازاں ایک ٹوئٹ میں دونمیز نے یہ بھی کہا کہ سال کے اختتام تک ترکی لیتھیم کی مقامی پیداوار شروع کر دے گا۔ مقامی طور پر تیار کردہ لیتھیم الیکٹرک کاروں، فونز اور ٹیبلٹس کی بیٹریوں میں استعمال ہوگا۔
سرکاری مائننگ کمپنی Eti Maden کے ٹیک سینٹر کا دورہ کرتے ہوئے دونمیز نے کہا کہ لیتھیم الیکٹرک گاڑیوں کی اہم ٹیکنالوجیز میں استعمال ہوگا، خاص طور پر ترکی میں بننے والی پہلی مقامی الیکٹرک گاڑی میں۔
اس گاڑی کو بنانے کا کام ترکی کے آٹوموبائل جوائنٹ وینچر گروپ TOGG نے پانچ بڑے ترک اداروں کے تعاون سے شروع کیا ہے۔ گاڑیوں کی بڑے پیمانے پر پیداوار کا آغاز 2022ء میں ہوگا جس میں TOGG سن 2030ء تک ایک ایس یو وی ، ایک سیڈان، ایک سی-ہیچ بیک، ایک بی-ایس یو وی اور ایک بی-ایم پی وی تیار کرے گا۔ ترکی نے رواں سال جولائی میں شمال مغربی صوبہ بورصہ میں فیکٹری کی بنیاد رکھی تھی کہ جہاں یہ گاڑیاں بنائی جائیں گی۔ تکمیل کے بعد یہ کارخانہ سالانہ 1,75,000 گاڑیاں تیار کرنے کی گنجائش رکھے گا۔
رواں ماہ وسطی صوبہ قیصری میں بھی لیتھیم آیون بیٹری کی پیداواری تنصیب کا سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے۔ یہ تنصیب 24 ہزار مربع میٹرز کے رقبے پر پھیلی ہوئی ہے اور شہر کے نواح میں ایک صنعتی علاقے میں واقع ہے۔ اگلے سال تک یہ کارخانہ بھی مکمل ہو جائے گا۔